نئی حکومت کے قیام کا اعلان کب کریں گے ، افغان طالبان نے اپنی فتح کی تاریخیں شیئر کر دیں

کابل (نیوز ڈیسک) افغان طالبان نے افغانستان میں نئی حکومت کے قیام کا اعلان 11 ستمبر کو کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک پیغام میں افغان طالبان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں نئی حکومت کے قیام کا اعلان گیارہ ستمبر کو کیا جائے گا ۔ ٹویٹر پیغام میں افغان طالبان نے فتح کی تاریخیں بھی شئیر کیں۔جس کے مطابق افغان طالبان نے 15 اگست کو کابل ، 6 ستمبر کو پنجشیر فتح کیا اور 11 ستمبر کو نئی حکومت کے قیام کا اعلان کیا جائے گا۔ خیال رہے کہ طالبان نے پنجشیر پر مکمل کنٹرول حاصل کرنے کا دعویٰ کر دیا ہے ۔

ترجمان افغان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے دعویٰ کیا کہ طالبان نے پنجشیر پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔طالبان نے صوبہ پنج شیر کے گورنر ہاؤس، پولیس ہیڈ کوارٹرز اور تمام سات اضلاع کا کنٹرول سنبھالنے کا دعویٰ کیا ہے۔افغان میڈیا کے مطابق ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ پنجشیر میں جھڑپوں کے دوران کئی باغی جنگجو ہلاک اور کئی فرار ہو گئے ہیں جس کے بعد پنجشیر کے عوام باغی کمانڈروں کی شر سے آزاد ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ پنجشیر پر کنٹرول کے بعد افغانستان جنگ سے پاک ہو گیا ہے اور افغان عوام اب امن کے ساتھ زندگی گزاریں گے۔ قوم کی دعاؤں سے کامیابی حاصل کی، وادی کے لوگ ہمارے بھائی ہیں، کوئی انتقامی کارروائی نہیں ہو گی۔ترجمان طالبان کے مطابق پنجشیر کے عوام ہمارے بھائی ہیں اور ملک کی ترقی کے لیے کام کریں گے۔دوسری جانب احمد مسعود نے جنگ بندی کیلئے مشروط پیش کش کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اگر طالبان ان کے علاقوں سے اپنی فوج پیچھے ہٹا لیں تو وہ بھی مثبت اقدامات کریں گے۔ برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق احمد مسعود نے طالبان کے ساتھ بات چیت پر آمادگی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ لڑائی ختم کرنے کے لیے بات چیت کرنا چاہتے ہیں۔ عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق احمد مسعود نے کہا ہے کہ طالبان اپنے حملے روک دیں تو شمالی اتحاد بھی لڑائی بند کردے گا۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button