مرضی کی ٹیم بناؤ، مجھے صرف نتائج چاہئیں ، رمیز راجہ نے بابراعظم کو کھلی چھوٹ دیدی

لاہور (نیوز ڈیسک) رمیز راجہ نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کا چارج سنبھالنے سے پہلے ہی قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں فری ہینڈ دیدیا ہے ۔ نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ رمیز راجہ نے کپتان بابراعظم سے ملاقات کی جس دوران انہوں نے کھلی چھٹی دیتے ہوئے کہا کہ ”مجھے نتائج چاہئیں ، اپنی مرضی کی ٹیم بناؤ ، ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سکواڈ اپنی مرضی سے منتخب کرو، کوئی مداخلت نہیں کرے گا“۔رمیز راجہ کی جانب سے اعتماد کا اظہار کیے جانے پر بابراعظم نے ان کا شکریہ اداکیا اور یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں اچھے نتائج دیں گے، میں فٹنس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کروں گا۔واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور معروف کمنٹیٹر رمیز راجہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے

نئے چیئرمین ہوں گے۔وزیر اعظم عمران خان نے منظوری دیدی، اسدعلی خان کو بھی پی سی بی گورننگ بورڈ کا ممبر بنادیا گیا۔گورننگ بورڈ کے ارکان رائے شماری کے ذریعے رمیز راجہ کا انتخاب کریں گے۔ رمیز راجہ اور احسان مانی نے گزشتہ دنوں وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی تھی جس میں 76 سالہ احسان مانی نے مزید کام کرنے سے معذرت کی تھی۔ رمیز راجا نے وزیر اعظم کو پی سی بی کے حوالے سے اپنا پلان پیش کیا تھا۔ قومی ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجہ 04-2003ء میں پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو بھی رہے۔ ایچی سن کالج لاہور کے فارغ التحصیل رمیز راجہ نے بزنس ایڈمنسٹریشن کی تعلیم بھی حاصل کررکھی ہے، وہ عمران خان کی زیر قیادت 1992ء کا ورلڈکپ جیتنے والی ٹیم کا حصہ تھے،اس وقت انہیں معروف کرکٹ کمنٹیٹر کا درجہ حاصل ہے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button