وزیراعظم کا ساجد گوندل کو جلد تلاش کرنے کا حکم، تین رکنی کابینہ کمیٹی تشکیل دے دی
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے لاپتہ جوائنٹ ڈائریکٹر ساجد گوندل کی گمشدگی کا نوٹس لے لیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے ساجد گوندل کے مبینہ اغوا کی تحقیقات کے لیے مشیر داخلہ شہزاد اکبرکی سربراہی میں تین رکنی کابینہ کمیٹی تسکیل دے دی۔ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں سیکرٹری داخلہ نے ساجد گوندل کے اغوا کے معاملے پر وفاقی کابینہ کو بریفنگ دی۔کمیٹی میں وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری بھی شامل ہیں۔کمیٹی ساجد گوندل کے اغوا پر تحقیقات کر کے وزیراعظم کو رپورٹ پیش کرے گی۔
وزیراعظم نے ساجد گوندل کو جلد تلاش کرنے کا حکم دیا ہے۔خیال رہے کہ سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے جوائنٹ ڈائریکٹر ساجد گوندل چند روز قبل وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے لاپتا ہوگئے تھے۔پیر کو چیف جسٹس اسلام آباد اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ قانون کی حکمرانی نہیں ہے، شہری عدم تحفظ کا شکار ہیں، وزارت داخلہ، اس کے ماتحت ادارے اور انٹیلی جنس ایجنسیاں ریئل اسٹیٹ کے کاروبار میں ملوث ہیں۔چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ایس ای سی پی کے لاپتہ افسر کی عدم بازیابی پر برہمی کا اظہار کیا۔ سماعت کے دوران سیکرٹری داخلہ عدالت میں پیش ہوئے اور کہا کہ ساجد گوندل کی بازیابی کیلئے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے، اجلاس میں تمام صورتحال کا جائزہ لیا ہے، اعلیٰ سطح پر تفتیش جاری ہے۔ اس موقع پر چیف جسٹس نے کہا کہ تین دنوں سے صرف میٹنگز ہو رہی ہیں، آپ کی کوششیں نظر نہیں آ رہیں، لاپتہ افسر کو تلاش نہیں کیا جا سکا، شہری عدم تحفظ کا شکار ہیں، آپ کتابی باتیں نہ بتائیں، اپنی ناکامی تسلیم کریں اور وزیراعظم کے نوٹس میں یہ بات لائیں،کسی کو تو اس کی ذمہ داری قبول کرنی چاہیے۔چیف جسٹس نے کہا کہ معلوم ہوا ہے لاپتہ افراد کمیشن نے اس معاملے کا نوٹس لیا ہے، کیا یہ جبری گمشدگی کا کیس ہی اس پر سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ ابھی اس سے متعلق کچھ نہیں کہا جا سکتا۔