اسلام آباد میٹروبس کا نیا روٹ آپریشنل کرنےکا فیصلہ، بسیں خریدنے کی منظوری دیدی گئی
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) اسلام آباد میں پشاور موڑ سے ایئرپورٹ تک میٹرو بس چلانے کیلئے ایک ارب 90 کروڑ روپے کے پی سی ون کی منظوری دے دی گئی ، پی سی ون کے تحت سی ڈی اے کو 30 بسیں خریدنے کی اجازت دی گئی ہے ۔ اس حوالے سے موصول ہونے والی تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ پشاور موڑ سے ایئرپورٹ تک میٹرو بس مینجمنٹ بھی سی ڈی اے کے سپرد کر دی گئی ہے جبکہ میٹرو بس کے لیے فنڈز کی فراہمی کے لیے معاملہ وفاقی کابینہ کے سامنے رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔یاد رہے کہ پشاور موڑ سے اسلام آباد ائرپورٹ تک میٹرو بس کا ٹریک مکمل ہونے کے قریب ہے جس
کے بعد 16 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والا ٹریک سی ڈی اے کے حوالے کیا جائے گا ، اس منصوبے میں 25 کلومیٹر طویل سگنل فری راہداری شامل ہے جو پشاور موڑ سے شروع ہوگی اور 9 اسٹیشنوں ، 12 پل اور 12 انڈر پاسز کے ساتھ نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائرپورٹ پر اختتام پذیر ہوگی ۔ واضح رہے کہ قبل ازیں وفاقی حکومت نے اسلام آباد ائیرپورٹ میٹرو بس منصوبے کی تکمیل، انتظام اور ٹرانسپورٹ سے متعلقہ معاملات کے حوالے سے اسلام آباد ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے قیام کا فیصلہ کیا تھا ۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی دارالحکومت میں ٹرانسپورٹ ، پینے کے صاف پانی اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اجلاس ہواہ جس میں وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر، مشیر برائے داخلہ مرزا شہزاد اکبر، معاون خصوصی سید ذوالفقار عباس بخاری، معاون خصوصی علی نواز اعوان، ایم این اے راجا خرم شہزاد، چئیرمین سی ڈی اے و دیگر سینئر افسران شریک ہوئے تھے ، اجلاس میں اسلام آباد ائیرپورٹ میٹرو بس منصوبے کی تکمیل، انتظام اور ٹرانسپورٹ سے متعلقہ معاملات کے حوالے سے اسلام آباد ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے قیام کا فیصلہ کیا گیا تھا ۔