لاہور میں مکان کی چھت گرنے سے متعدد افراد جان کی بازی ہار گئے
لاہور (نیوز ڈیسک) لاہور کے علاقے ٹیکسالی میں مکان کی چھت گرنے سے6 افراد جاں بحق ہو گئے ، میاں بیوی اور مہمان سمیت 4 بچے شامل ہیں جبکہ 4 دیگر افراد زخمی بھی ہوئے ۔ اس حوالے سے موصول ہونے والی تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ یہ افسوسناک واقعہ لاہور کے علاقے ٹیکسالی میں پیش آیا جہاں سے واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں ۔ریسکیو حکام کے مطابق ٹیکسالی میں چھت گرنے سے کل 6 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جس میں میاں بیوی اور مہمان سمیت 4 بچے شامل ہیں ، جاں بحق ہونےوالوں کی شناخت حسن ولد اشتیاق عمر 7 سال ، زعیغم ولد
اشتیاق عمر 5 سال ، ایان ولد اشتیاق عمر4 سال شامل ہیں ، اشتیاق کے 3 بیٹے چھت گرنے سے جاں بحق ہوئے جبکہ اشتیاق نے باہر بھاگ کر جان بچائی ، اشتیاق کا بڑا بھائی 60 سالہ جاوید اور بھابھی 48 سالہ روبینہ بھی جاں بحق ہونے والوں میں شامل ہیں ۔ بتایا گیا ہے کہ گھر میں گجرانوالہ سے آئے ہوئے مہمان بھی موجود تھے ، اور اس واقعے میں جاں بحق ہونے والوں میں گوجرانوالہ سے آئی 16 سالہ آمنہ بھی شامل ہیں ، اس کے ساتھ ساتھ حادثے میں 4 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن کی شناخت گجرانوالہ سے آئے رشتے دار عتیقہ ولد سلامت ، کنزہ ولد سلامت ، مہوش ولد سلامت کے ناموں سے ہوئی ہے ۔ رسیکیو حکام نے مزید بتایا کہ واقعے میں جاں بحق ہونے والے تمام افراد کو مردہ خانے منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ زخمی ہونے والوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں زخمیوں میں سے 1 کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے جس کو انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں رکھا گیا ہے جبکہ باقی زخمیوں کا علاج بھی جاری ہے ۔