مینارپاکستان کی سکیورٹی رینجرز کو دینےکی تیاریاں

لاہور (نیوز ڈیسک ) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے گریٹر اقبال پارک میں خاتون سے دست درازی کے واقعے کے بعد مینارِ پاکستان کی سکیورٹی رینجرز کو دینے کا امکان پیدا ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق پارکس اینڈہارٹیکلچر اتھارٹی کی جانب سے مینار پاکستان کی تاریخی حیثیت کے پیش نظر سکیورٹی رینجرز کودینے کی تجویز دی گئی ہے ، مینار پاکستان پرمستقل بنیاد پر پولیس چوکی قائم کرنے کا بھی کہا گیا ہے ، گریٹر اقبال پارک واقعے کے بعد اصلاحات کا فیصلہ کرتے ہوئے وائس چیئرمین پی ایچ اے حافظ ذیشان رشید نے تجاویز مجاز اتھارٹی کو بھجوا دیں۔

ذرائع کے مطابق تجاویز میں وائس چیئرمین پی ایچ اے نے کہا ہے کہ مینار پاکستان اور دیگر بڑے پارکوں میں فیملیز کے لیے دن مختص کیے جائیں ، مینار پاکستان پرمستقل بنیاد پر پولیس چوکی قائم کی جائے اور ٹک ٹاکرز کو اجازت کے بعد ہی پارکوں میں شوٹنگ کی اجازت دی جائے جب کہ ٹک ٹاکرز کو اپنے اسکرپٹ کی منظوری لینے کا پابند کیا جائے۔علاوہ ازیں پنجاب کے پارکوں میں ٹک ٹاکرز کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ، پارکس اینڈہارٹیکلچر اتھارٹی پنجاب نے پارکوں میں ٹک ٹاکرز کے داخلے پر ‏پابندی عائد کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا ، جس میں کہا گیا ہے کہ ٹک ٹاکر کو پارکوں میں داخلے سے پہلے اجازت نامہ جمع کرانا ‏ہو گا اور باضابطہ اجازت نامے کے بعد انہیں ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کی اجازت ہو گی ، اتھارٹی کی جانب سے 2 سے زائد مردوں کے ایک ساتھ پارک میں داخلے پر پابندی پر بھی غور کیا ‏جارہا ہے تاہم فیملیز پر کوئی پابندیاں عائد نہیں کی جارہیں البتہ ایس او پیز پر سختی سے عمل ‏کرنا ہوگا۔یاد رہے کہ 14 اگست کے روز چار سو سے زائد افراد پر مشتمل ایک ہجوم نے اس وقت خاتون پر حملہ کردیا تھا جب وہ اپنے یوٹیوب چینل کے لیے ویڈیو بنارہی تھیں ، سوشل میڈیا پر اس واقعے کی گردش کرتی مختلف ویڈیوز میں متاثرہ لڑکی کو مدد کے لیے چیخ و پکار کرتے بھی دیکھا جا سکتا ہے ، جس کے بعد وزیراعظم عمران خان سمیت دیگرسیاسی و سماجی شخصیات نے لڑکی پرہجوم کے حملے اورہراسانی کے افسوس ناک واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا تھا ، ویڈیوز سامنے آنے کے بعد لاہور پولیس نے متاثرہ لڑکی کی درخواست پر نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے اپنی تحقیقات کا آغاز کر دیا تھا۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button