مہنگائی کا طوفان، یوٹیلٹی اسٹورز پر کوکنگ آئل، گھی سمیت متعدد اشیاء کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کردیا گیا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ملک بھر کے یوٹیلیٹی اسٹورز پر کوکنگ آئل، گھی سمیت متعدد اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا، چائے کی پتی 40 روپے، کوکنگ آئل 34، گھی فی کلو31 روپے مہنگا، ہارپک، ماچس، ڈیٹرجنٹ پاوٴڈر، آلیوآئل اورکولڈ ڈرنک کی قیمت میں بھی اضافہ کردیا گیا، ملک میں یوٹیلیٹی اسٹورز پر نئی قیمتوں کا اطلاق فوری ہوگا۔تفصیلات کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن نے مختلف برانڈ کی اشیائے خوردونوش اور دوسری اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے۔ کوکنگ آئل، گھی، اچار، کیچپ، ماچس، ڈیٹرجنٹ پاوٴڈر، باتھ سوپ سمیت متعدد اشیاء مہنگی کردی گئی ہیں۔

یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کا کہنا ہے کہ ملک بھر کے یوٹیلیٹی اسٹورز پر نئی قیمتوں کا اطلاق فوری ہو گا۔950 گرام چائے کی پتی کا پیکٹ 40 روپے، ہارپک فی لیٹر 49 روپے، ماچس کا پیکٹ 10 روپے، مختلف برانڈڈ ڈیٹرجنٹ پاوٴڈرکا پیکٹ50 روپے مہنگا کردیا گیا۔ اسی طرح آلیوآئل 51 روپے فی لیٹر، گھی فی کلو 31 روپے، کوکنگ آئل 34 روپے اور ڈیڑھ لیٹر کولڈ ڈرنک 2 روپے مہنگی کردی گئی ہے۔مزید برآں گزشتہ روز وفاقی ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق اگست 2018 میں چینی کی اوسط قیمت 55 روپے 59 پیسے فی کلو تھی جو اگست 2021 میں 105 روپے 51 پیسے ہو چکی ہے۔حکومت کے تین سال میں دال ماش 95 روپے 60 پیسے، دال مسور 43 روپے 94 پیسے، دال مونگ اوسط 68 روپے 86 پیسے جبکہ دال چنا 29 روپی77 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی۔تین سال میں بکرے کا گوشت 337 روپے، گائے کا گوشت 169 روپے، دودھ 25 روپے 89 پیسے فی لٹر جبکہ دہی 26 روپے 78 پیسے فی کلو مہنگا ہوا۔دستاویز کے مطابق موجودہ حکومت کے دور میں لہسن 120 روپے 68 پیسے، برائلر مرغی 37 روپے 91 پیسے جبکہ انڈوں کی قیمت میں 58 روپے 37 پیسے فی درجن اضافہ ہوا۔ملک میں دوہفتوں کے دوران لہسن اور ٹماٹر کی قیمتوں کو پر لگ گئے، ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ دو ہفتوں کے دوران لہسن 70 روپے اورٹماٹر 30 روپے کلو تک مہنگاہوا۔ گوجرانوالہ میں لہسن 70 روپے فی کلو مہنگا ہو کر 280 روپے فی کلو تک پہنچ گیا ہے۔ اسلام آباد میں گزشتہ دو ہفتوں میں لہسن کی قیمت میں 40 روپے فی

کلو کا اضافہ ہوا اورلہسن کی فی کلو قیمت 320 روپے تک پہنچ گئی۔راولپنڈی میں لہسن کی قیمت 20 روپے اضافے کے ساتھ 280 روپے فی کلو تک ہو گئی۔ لاہور اور فیصل آباد میں لہسن دو ہفتوں میں 20 روپے فی کلو مہنگا ہوا۔ ملتان، بہاولپور اور کراچی میں لہسن 280 روپے، پشاور اور کوئٹہ میں 270 روپے فی کلو ہو گیا ہے۔حیدر آباد میں ٹماٹر دو ہفتوں میں 70 سے 100 روپے فی کلو تک پہنچ گیا ہے۔ جڑواں شہروں میں ٹماٹر کی قیمت 120 روپے فی کلو ہو گئی ہے۔ گوجرانوالہ میں ٹماٹر 20 روپے مہنگا ہو کر 100 روپے کلو تک پہنچ گیا ہے۔سیالکوٹ، لاہور، کراچی اور حیدر آباد میں ٹماٹر 100 روپے کلو تک پہنچ گیا ہے۔ ادارہ شماریات نے مزید بتایا کہ لاہور، فیصل آباد اور سکھر میں لہسن کی قیمت 240 روپے فی کلو تک ہو گئی ہے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button