حکومت کی عوام پر گیس بم گرانے کی تیاریاں،گیس کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ کرلیا گیا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ملک میں گھریلو استعمال کی گیس کی قیمتوں میں اضافے کی تیاریاں شروع کردی گئیں ، قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے سمری حکومت کو بھجوا دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے بھجوائی گئی سمری میں اوگرا نے سوئی ناردرن گیس کمپنی کے صارفین کے لیے مقرر کردہ ٹیرف میں 14 فیصد جب کہ حکومت کی جانب سے کمپنی کو ادائیگی کے لیے 54 روپے47 پیسے فی یونٹ اضافے کی سفارش کی ہے ، اسی طرح سوئی سدرن گیس کمپنی کے صارفین کے ٹیرف میں 7 فیصد اور کمپنی کے لیے 86 روپے 93 پیسے فی یونٹ اضافے کی سفارش کی گئی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ گیس کمپنیوں نے نقصانات پورا کرنے کے لیے ٹیرف میں اضافے کی درخواست کی ، اس ضمن میں سوئی ناردرن گیس کمپنی نے ٹیرف میں 154 فیصد اضافے اور سوئی ناردرن گیس کمپنی کے لیے 857 روپے 40 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی تھی جب کہ سوئی سدرن گیس کمپنی نے ٹیرف میں 8 فیصد اضافے اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے لیے 63 روپے 82 پیسے فی یونٹ اضافہ مانگا جس پر اوگرا نے قیمتیں بڑھانے کے لیے گیس کمپنیوں کی درخواست پر عوامی سماعت کی اور اس حوالے سے سمری حکومت کو بھجودی۔دوسری جانب اقتصادی رابطہ کمیٹی نے برآمدی شعبے کیلئے بجلی اورگیس پر سبسڈی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، وزیرخزانہ شوکت ترین نے کہا کہ رعایتی نرخوں پر گیس اور بجلی کی فراہمی سے برآمدات میں اضافہ ہوگا، صنعتی صارفین کیلئے 12اعشاریہ 96 روپے فی یونٹ بجلی جاری رکھنے کی منظوری دی گئی۔ اس حوالے سے وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں وفاقی وزراء ، مشیران ، معاونین خصوصی نے شرکت کی ، برآمدی شعبے کو رعایتی نرخوں پر آر ایل این جی اور بجلی کی فراہمی جاری رکھنے کی منظوری دی گئی ، جس کے تحت برآمدی شعبے کیلئے رواں مالی سال کے دوران سبسڈی جاری رہے گی ، اجلاس میں رعایتی نرخوں پر گیس اور بجلی کی فراہمی کا فیصلہ برآمدات میں اضافے کیلئے کیا گیا، برآمدی شعبے کی صنعتوں میں توانائی کا استعمال معقول رکھا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں آئی پی پیز کے گیس استعمال پر آڈٹ اعتراضات اور بجلی کی پیداواری معاملات دیکھنے کیلئے سب کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ، ذیلی کمیٹی 30دن کے اندر رپورٹ پیش کرے گی ، اجلاس میں بجلی ٹیرف کی سمری پر بھی تفصیلی غور کیا گیا ، کے الیکٹرک کیلئے 12اعشاریہ 96 روپے فی کلوواٹ پیکج دسمبر تک جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، صنعتی صارفین کیلئے 12اعشاریہ 96 روپے فی یونٹ بجلی جاری رکھنے کی منظوری دی گئی۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button