نواز شریف مختلف بیماریوں میں مبتلا ، ڈاکٹروں نے سفر سے روک دیا

لاہور ( نیوز ڈیسک ) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نوازشریف کی تازہ ترین میڈیکل رپورٹس لاہور ہائیکورٹ میں جمع کروادی گئیں ، جس کی تفصیلات سامنے آگئیں۔ ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے وکیل امجد پرویز نے 3 صفحات پر مشتمل رپورٹ لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرائی ، جس میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹروں نے نواز شریف کو سفر کرنے سے روک دیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ نواز شریف کو کورونا وباء کے سبب عوامی مقامات پر جانے سے گریز کرنا چاہیئے کیوں کہ سابق وزیراعظم مخلتف بیماریوں میں مبتلا ہیں ، اس لیے انہیں مزید احتیاط کی

ضرورت ہے اور نواز شریف کو لندن میں اپنی علاج گاہ کے قریب ہی رہنا چاہیئے۔دوسری طرف برطانوی حکومت کی جانب سے ویزہ توسیع کی درخواست مسترد ہونے پر وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے سابق وزیراعظم نوازشریف کو 2 آپشن بتادیے ، اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا پاسپورٹ 16 فروری کو منسوخ ہو چکا ہے اب اُن کے پاس دو آپشن ہیں، اپیل کرلیں یا پناہ حاصل کرلیں تاہم نوازشریف کے پاس پاسپورٹ نہیں ہے اس لیے انہیں واپس آنا چاہیئے ، باہر کی کیا زندگی ہے ، لیڈر وہ ہوتا ہے جو ملک میں جیتا اور مرتا ہے ، اقتدار میں ہوں تو بھڑکیں مارتے ہیں، اقتدار سے اتر جائیں تو ملک سے بھاگ جاتے ہیں۔خیال رہے کہ علاج کی غرض سے برطانیہ میں مقیم سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کو اس وقت زبردست دھچکا پہنچا جب برطانوی حکومت نے نواز شریف کو اپنے ملک میں مزید قیام کی اجازت دینے سے انکار کر دیا کیوں کہ نواز شریف نے برطانوی حکومت سے ویزہ توسیع کی درخواست کی تھی جس میں قائد ن لیگ کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ چوں کہ وہ بیمار ہیں ، لہذا نہیں علاج مکمل ہونے تک برطانیہ میں مزید قیام کی اجازت دی جائے تاہم اس کے جواب میں برطانوی حکومت کے متعلقہ ادارے نے پاکستان کے سابق وزیراعظم کی ویزہ توسیع درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں چند روز کے اندر ملک چھوڑنے کی تلقین کردی ۔یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ قائد ن لیگ نواز شریف کا پاسپورٹ 16 فروری 2021 کو ایکسپائر ہو چکا ہے ، اس لیے انہیں کسی دوسرے ملک کا سفر کرنے کیلئے بھی حکومت پاکستان کی اجازت درکار ہے ، حکومت پاکستان کی اجازت کے بغیر نواز شریف برطانیہ سے کسی دوسرے ملک نہیں جا سکتے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button