زندگی اب پہلے جیسے نہیں رہی ،نور مقدم کی بہن کی دلخراش پوسٹ

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)اسلام آباد میں قتل کی جانے والی 27 سالہ نور مقدم کی بہن سارہ مقدم کی ایک دلخراش انسٹاگرام پوسٹ سوشل میڈیا پلیٹ گارمز پر زیر گردش ہے۔سارہ نے اپنی بہن کے ساتھ ایک یادگار تصویر شئیر کرتے ہوئے کہا کہ ’نورہ! میں آپ کو بہت یاد کرتی ہوں،میں نہیں جانتی کہ آپ کے بغیر زندگی کیسے گزارنی ہے، ہر لمحے ہم آپ کی یادوں میں جیتے ہیں۔سارہ مقدم نے مزید لکھا کہ ہم نے اس سال آپ کی سالگرہ کے لیے بہت سارے منصوبے بنائے تھے،لیکن اب آپ کے بغیر زندگی پہلے جیسی نہیں رہی اور دنیا بھی آپ کے بغیر ادھوری محسوس ہوتی ہے۔

سارہ نے مقتولہ بہن کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ہم آپ کے بغیر اب کبھی کسی کی سالگرہ اور عید نہیں منا پائیں گے۔اللہ آپ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ہم سب ایک بار پھر جنت میں ایک خاندان کے طور پر دوبارہ ملیں۔نور آپ کو انصاف مل کر رہے گا کیونکہ پوری دنیا آپ کے ساتھ کھڑی ہے۔یاد رہے کہ 20 جولائی کو اسلام آباد میں تھانہ کوہسار کے علاقے سیکٹر ایف سیون فور میں نوجوان خاتون کو لرزہ خیز انداز میں قتل کردیا گیا تھا ، خاتون کو تیز دھار آلے سے بہیمانہ انداز میں قتل کیا گیا ، لڑکی کا گلا کاٹنے کے بعد سر کاٹ کر جسم سے الگ کر دیا گیا ، واقعے کی اطلاع موصول ہوتے ہی سینئر افسران اور متعلقہ ایس ایچ او موقع واردات پر پہنچے اور تحقیقات کیں اور قتل میں ملوث ظاہر جعفر نامی شخص کو موقع واردات سے گرفتار کرکے تھانے منتقل کرکے وقوعہ کا مقدمہ درج کیا گیا۔دوسری طرف وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے نور مقدم قتل کیس میں ملزم ظاہر جعفر کو سزائے موت کی امید ظاہر کردی ، انہوں نے کہا کہ نور مقدم قتل کیس میں ملزم ظاہر جعفر کے والد اور ڈرائیور کو بھی اندر کیا ہے ، نور مقدم قتل کیس میں مجھے امید ہے ملزم کو سزائے موت ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں