کشمیر پریمیئر لیگ،بھارتی رویے کے باعث پیچھے نہیں ہٹیں گے، شاہد آفریدی

لاہور (نیوز ڈیسک) کشمیر پریمیئر لیگ (کے پی ایل) میں غیر ملکی کرکٹرز کو کھیلنے سے روکنے اور انھیں دھمکی دینے پر شاہد خان آفریدی بھی بھارتی کرکٹ بورڈ پر برس پڑے۔ اپنے بیان میں شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ ’’بھارتی کرکٹ بورڈ ایک مرتبہ پھر کرکٹ میں سیاست ملا رہا ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ کشمیر پریمیئر لیگ پاکستان، کشمیر اور دنیا بھر کے کرکٹ فینز کی لیگ ہے۔شاہد آفریدی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم ایک شاندار شو کریں گے، ہم ایسے رویے کے باعث پیچھے نہیں ہٹیں گے‘‘۔یاد رہے کہ کشمیر پریمیئر لیگ کے مظفرآباد میں انعقاد پر بھارتی کرکٹ بورڈ کے حکام نے بوکھلاہٹ میں

فوری طور پر انگلش اور افریقن کرکٹ بورڈ حکام سے رابطہ کیا۔کشمیر پریمیئر لیگ (کے پی ایل) میں شرکت کرنے والے سابق جنوبی افریقی کرکٹر ہرشل گبز نے بھی سوشل میڈیا پیغام کے ذریعے بتایا کہ کے پی ایل کھیلنے سے روکنے کیلئے بھارتی کرکٹ بورڈ انہیں دھمکیاں دے رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بی سی سی آئی غیرضروری طور پر پاکستان کے ساتھ اپنا سیاسی ایجنڈا بیچ میں لارہا ہے اور مجھے کے پی ایل ٹی ٹونٹی میں کھیلنے سے روکنے کی کوشش کی جارہی ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ یہ پہلا موقع نہیں کہ مودی حکومت نے کرکٹ کو مذموم سیاست کی بھینٹ چڑھایا ہو۔ کشمیر پریمیئر لیگ میں بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے دخل اندازی کی رپورٹس پر فواد چوہدری نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ’’ یہ پہلا موقع نہیں کہ مودی کی حکومت نے کرکٹ کو اپنی مذموم سیاست کے بھینٹ چڑھایا ہو، ہرشل گبز پر کشمیر لیگ میں حصہ نہ لینے کا دباؤ اس پرانی روش کا تسلسل ہے، ہم ان اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہیں ،انہوں نے بھارتی بورڈ کے ان اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کی جدوجہد کو ایسے اقدامات سے نقصان نہیں فائدہ ہی ہوگا‘‘ ۔دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری نے بھارت کی کرکٹ کو سیاسی بنانے کی مذمت کا اظہار کیا کرتے ہوئےکہا کہ ’’یہ ابھرتے ہوئے کشمیریوں کو بین الاقوامی کرکٹرز کیخلاف کھیلنے سے محروم کر دیگا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی کرکٹ پر سیاست کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، نوجوان کشمیری کھلاڑیوں کو بڑے کھلاڑیوں کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کرنے کے موقع سے محروم کرنا بدقسمتی اور افسوسناک ہے‘‘۔واضح رہے کہ آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد میں 6 اگست سے کے پی ایل کا آغاز ہوگا ۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button