مشہور سرجن مریضوں کی نازیبا ویڈیوز وائرل کرنے پر گرفتار
ریاض(نیوز ڈیسک) سعودی عرب کے مشہور کاسمیٹک سرجن کو پولیس نے انتہائی شرمناک حرکات میں ملوث ہونے پر گرفتار کر لیا ہے اور اس کا میڈیکل لائسنس بھی معطل کر دیا گیا ہے۔ سعودی وزارت صحت کے مطابق مملکت کا ایک مشہور کاسمیٹک سرجن اپنے مریضوں کی سرجری کے دوران ان کی ویڈیوز اور تصاویر بنا کر محفوظ کر لیتا تھا اور پھر بعد میں انہیں کسی نامعلوم اکاؤنٹ سے پوسٹ کر دیا کرتا تھا۔پولیس کی جانب سے جب اکاؤنٹ کی تفتیش کی گئی تو انکشاف ہوا کہ یہ سوشل میڈیا اکاؤنٹ کاسمیٹک سرجن چلا رہا ہے۔ جس کے بعد اس ڈاکٹر کو معطل کر دیا گیا ہے اور اس کے خلاف تحقیقات
شروع کر دی گئی ہیں۔ سعودی وزیر صحت توفیق الربیعہ نے بتایا کہ جب یہ معاملہ وزارت صحت کے علم میں آیا تو ڈاکٹر کو فوری طور پر کام سے روک کر گرفتار کرنے کے بعد تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔تاہم اس ڈاکٹر کا نام، قومیت اور دیگر تفصیلات ظاہر نہیں کی گئیں۔ وزارت کے مطابق ڈاکٹر کی جانب سے اپنے پیشے سے متعلق مریضوں کی رازداری سے متعلق ضوابط کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ سعودی عرب میں چند روز قبل بے حیائی کا ایک واقعہ سامنے آیا ہے جب سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو سامنے آئی جس میں ایک سعودی لڑکی خانہ کعبہ کے احاطے سے کچھ دور واقع الشوقیہ روڈ پر نامناسب لباس پہن کر آ گئی۔شراب کے نشے میں دُھت اس بدبخت لڑکی نے یہ بھی نہیں سوچا کہ وہ مسلمانوں کے مقدس ترین شہر مکہ اور مقدس ترین مقام خانہ کعبہ سے چند سو میٹر کی دُوری پر کھڑی ہے۔ سعودی لڑکی کافی دیر تک وہیں کھڑی شرمناک انداز میں رقص کرتی رہی۔ جس پر وہاں موجود لوگ شدید مشتعل ہوئے۔ پولیس کواس واقعے کی اطلاع دی گئی، جس نے چند منٹ بعد موقع پر پہنچ کر شراب کے نشے کے زیر اثر لڑکی کو گرفتار کر کے پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا اور اس پر بے حیائی کے الزام کے تحت مقدمہ بھی درج کر لیا گیا۔