پتنگ کی ڈور گلے پر پھرنے سے 3 سالہ معصوم بچہ دم توڑ گیا، والد غم سے نڈھال

لاہور(نیوز ڈیسک) گذشتہ روز صوبائی دارالحکومت کے علاقہ مستی گیٹ میں پتنگ کی ڈور گلے پر پھرنے سے 3 سالہ معصوم بچہ جاں بحق ہوگیا۔ خضر حیات موٹر سائیکل پر والد اور بہن بھائیوں کے ساتھ جارہا تھا کہ اس دوران کٹی ہوئی پتنگ کی ڈور اس کے گلے پر پھرگئی۔خضر موٹر سائیکل پر سب سے آگے بیٹھا تھا اورڈور سے اس کی شہ رگ کٹ گئی، بچے کو ہسپتال پہنچایا گیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکا۔بتایا گیا کہ پہلے بچے نے ڈور پکڑ لی تھی جس سے اس کی ایک انگلی بھی کٹ گئی تھی۔کمسن بچے کی اچانک موت سے والدین غم سے نڈھال ہو گئے ہیں۔ان کے دکھ کا اندازہ سوشل میڈیا پر کی گئی والد کی ایک پوسٹ سے ہوسکتا ہے۔

انہوں نے بیٹے کی تصویر شئیر کرتے ہوئے کہا کہ میرے بچے کہاں ڈھونڈتا پھروں میں تجھے۔۔ہمارے بغیر کیسے اکیلا قبر میں سوئے گا تو؟؟؟ تنہا نیند کیسے آئے گی تجھے۔۔سوشل میڈیا پر بھی صارفین کی جانب سے شدید ردعمل کا اظہار کیا گیا اور حکومت سے ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔جب کہ واقعے میں ملوث افراد کو تلاش کرکے سزا دینے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔دوسری جانب ڈی آئی جی آپریشنز ساجد کیانی نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او مستی گیٹ انسپکٹر محمد زاہد نواز کو معطل کردیا جبکہ ایس پی سٹی اور ڈی ایس پی علی اختر سے وضاحت طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈور پھرنے کے واقعات ہرگز قابلِ برداشت نہیں، غفلت کے مرتکب پائے جانے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔وزیراعلی پنجاب سردارعثمان بزدار نے لاہور میں ڈور پھرنے سے بچے کی موت پر دکھ کا اظہار کیا ہے، سردار عثمان بزدار نے پتنگ بازی کے واقعات پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی ۔ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ پتنگ بازی کے واقعات قطعی ناقابل برداشت ہیں، پتنگ بازی پر پابندی کے قانون پر سختی سے عمل کرایا جائے، خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button