کسانوں کو کتنے لاکھ تک آسان شرائط پر قرض دیا جائے گا، خوشخبری

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) حکومت کا کامیاب جوان کے بعد کامیاب کسان پروگرام لانے کا فیصلہ، کسانوں کو 20 لاکھ روپے تک آسان شرائط پر قرض دیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق حکومت نے کامیاب نوجوان کے بعد کسانوں کو مضبوط اور اِن کے روزگار کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات اُٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ کامیاب جوان کے ساتھ کامیاب کسان پروگرام لانے کا فیصلہ کیا ہے،چھوٹے کسانوں کو 20 لاکھ روپے تک قرض دیا جائیگا۔اپنے بیان میں شوکت ترین نے کہاکہ کامیاب جوان کے تحت قرضوں کی تقسیم کا عمل تیز کر رہے ہیں، اب تک 10 ہزار نوجوانوں کو قرض دیا گیا ہے۔

انہوںنے کہاکہ یہ تعداد آئندہ 3 سال تک لاکھوں میں ہونی چاہیے،نچلی سطح تک ترقی کیلئے منصوبہ انقلابی حیثیت رکھتا ہے۔انہوںنے کہاکہ بچلی سطح تک لوگوں کو روزگار کیلئے بااختیار بنائیں گے، چاہتے ہیں لوگ خود بھی کاروبار کریں ساتھ لوگوں کی بھی مدد کریں۔انہوںنے کہاکہ ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے جا رہے ہیں فوری اثر نظر آئیگا، لاکھوں کی تعداد میں لون دیں گے تو معاشی ترقی تیز ہو گی۔وزیر خزانہ شوکت ترین نے مزید کہاکہ اگر زرعی اور صنعتی پیداوار نہ بڑھائی گئی تو مستقبل میں سڑکوں پر مظاہرے شروع ہو جائیں گے۔ انہوںنے کہاکہ بڑھتی آبادی کے باعث ملک میں ہر سال روزگار کے 20 لاکھ نئے مواقعے فراہم کرنا ہوں گے ،شرح نمو اور روزگار کے مواقعے بڑھانے کیلئے حکومت آئندہ مالی سال بڑے انفراسٹرکچر منصوبوں میں سرمایہ کاری بڑھائے گی ۔انہوںنے کہاکہ آئندہ مالی سال کیلئے شرح نمو کا ہدف 5 فیصد رکھا جائے گا ، رواں مالی سال کا بجٹ خسارہ 7 فیصد تک رہنے کا امکان ہے ۔ انہوںنے کہاکہ آئندہ مالی سال ٹیکس وصولیوں کو بڑھا کر 6 ہزار ارب روپے سے زیادہ کیا جائے گا، آئی ایم ایف کے اہداف حاصل کرنے کیلئے متبادل ذرائع استعمال کیے جائیں گے ۔ انہوںنے کہاکہ آئی ایم ایف کو محصولات اور بجلی کے شعبے میں اصلاحات پر متبادل ذرائع پر اعتماد میں لیں گے ، آئی ٹی برآمدات کو دو سال میں 2 ارب ڈالر سے بڑھا کر 8 ارب ڈالر کیا جائے گا ۔واضح رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے وزیراعظم عمران خان پر الزام عائد کیا تھا کہ عوام کو قرضے سے نجات کا جھوٹ بول کر حکومت اب تک 33 ارب ڈالر کا قرض لے چکی ہے اور ملک کا ہر شہری پونے دو لاکھ روپے کا مقروض ہو گیا ہے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button