جتنا زور لگانا ہے لگا لیں ، شہبازشریف لندن ضرور جائیں گے، ن لیگ کا حکومت کو چیلنج

لاہور( نیوز ڈیسک ) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماء رانا ثناء اللہ نے حکومت کو چیلنج کیا ہے کہ جتنا زور لگانا ہے لگا لیں ، شہبازشریف لندن ضرور جائیں گے ، یہ روک سکتے ہیں تو روک لیں۔ تفصیلات کے مطابق دیگر ن لیگی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ احتساب کا عمل اب وینٹی لیٹر پر ہے ، نیب شہبازشریف کےخلاف ایک روپےکی کرپشن ثابت نہ کرسکا ، شہبازشریف نے 10سال پنجاب کی خدمت کی، نیب میاں شہباز شریف پر ایک روپے کی کرپشن کک بیکس کا الزام نہیں لگاسکا ، شہزاد اکبر اور فواد چوہدری جتنا زور لگانا ہے لگالیں ، شہبازشریف بیرون ملک ضرورجائیں گے ،

یہ روک سکتے ہیں تو روک لیں۔دوسری طرف معاون خصوصی برائے اطلاعات پنجاب فردوس عاشق اعوان نے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کو مشورہ دیا ہے کہ باہر جانے کی جلدی نہ کریں عید پاکستان میں کریں ، لاہور میں پریس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کرپشن کے الزامات کا سامنا کرنے کی بجائے بیرون ملک جانا چاہتے تھے ، اس سے پہلے نوازشریف نے کہا تھا کہ 4 ہفتے میں علاج کرواکرواپس آوَں گا جب کہ شہبازشریف نے نواز شریف کی گارنٹی دی تھی ، نوازشریف کوواپس لانے کی بجائے شہباز شریف نے فرار ہونے کی کوشش کی ، شہبازشریف پرکرپشن ، منی لانڈرنگ اورکک بیکس کےالزامات ہیں وہ ان کا سامنا کریں ، فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عید پاکستان میں کریں ، آپ کوباہرجانےکی کیا جلدی ہے، اصل میں آپ کی جائیدادیں اوراولاد باہر ہیں ، عید بھی آپ باہر منانا چاہتے ہیں ، علاج معالجےکی آڑمیں یہ لوگ باہراپنی جائیدادیں بچانے کیلئے ہاتھ پاوَں مار رہے ہیں۔خیال رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر محمد شہباز شریف کو لاہور ہائیکورٹ نے بیرون ملک جانے کی اجازت دی ، لاہور ہائی کورٹ نے شہباز شریف کا نام بلیک لسٹ سے نکالنے کی درخواست پرفیصلہ سنایا ، جس میں لاہور ہائیکورٹ نے ایک بار پھر شہباز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی ، عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف کو باہر جانے کی مشروط اجازت 8 مئی سے 5 جولائی تک ہو گی۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button