سعودی عرب نے پاکستان کو 10ارب ڈالرز کی خوشخبری سنادی
ریاض (نیوز ڈیسک) سعودی عرب نے 10 ارب ڈالرز کے آئل ریفائنری منصوبے کے جلد آغاز کی یقین دہانی کروا دی، پاکستانی سفیر راجہ علی اعجاز کا کہنا ہے کہ سعودی وزیر برائے سرمایہ کاری نے یقین دہانئی کروائی ہے کہ ان کی حکومت پاکستان میں اربوں ڈالرز کے میگا منصوبے کے جلد آغاز کیلئے سنجیدہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں تعینات پاکستان کے سفیر راجہ علی اعجاز کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ انہوں نے سعودی عرب کے وزیر برائے سرمایہ کاری سے اہم ملاقات کی جو کافی مفید ثابت ہوئی۔پاکستانی سفیر کا کہنا ہے کہ سعودب عرب کے وزیر نے یقین دہانی کروائی ہے کہ ان کے
ملک کی جانب سے پاکستان میں 10 ارب ڈالرز مالیت کی آئل ریفائنری منصوبے پر جلد باقاعدہ کام کا آغاز ہوگا۔منصوبے کے حوالے سے سعودی حکومت سنجیدہ ہے۔ کرونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والے عالمی بحران کی وجہ سے معاملات میں کچھ تاخیر ضرور ہوئی ہے، تاہم حالات میں کچھ بہتری آتے ہی منصوبے پر باقاعدہ کام کے آغاز کیلئے پیش رفت ہو گی۔مزید بتایا گیا ہے کہ سعودی فرمانروا بھی پاکستان کیلئے 10 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کی منظوری دے چکے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ سعودی فرمانروا شاہ سلمان کی زیر صدارت کچھ ماہ پہلے ہوئے اجلاس میں پاکستان میں آئل ریفائنری کی تعمیر کیلئے سرمایہ کاری معاملات پر غور کیا گیا تھا۔ غور و فکر کے بعد شاہ سلمان نے پاکستان میں آئل ریفائنری کی تعمیر کے آغاز کی منظوری دے دی تھی۔اس منصوبے کے تحت سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کے ساحلی شہر، سی پیک کیلئے سب سے اہم شہر گوادر میں اربوں ڈالرز کی لاگت سے آئل ریفائنری تعمیر کی جائے گی۔ گوادر آئل ریفائنری منصوبے کے لئے تکنیکی ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کا عمل گزشتہ برس اکتوبر کے ماہ میں شروع کر دیا گیا تھا۔