بھارت میں کورونا کی تشویشناک صورتحال،بھارتی صحافی کی پاکستانیوں سے داتا دربار پر دعائوں کی اپیل

ممبئی(نیوز ڈیسک) بھارت کے نامور صحافی اشیش سنگھ نے پاکستانیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کورونا سے نبرد آزما ان کے اہل خانہ کے لیے داتا دربار پر خصوصی دعا کریں۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ برائے کرم داتا دربار جاکر ان کی اہلیہ اور کورونا میں مبتلا دیگر مریضوں کے لیے خصوصی دعا کریں۔انہوں نے کہا کہ اگر کوئی داتا دربار جاکر ان کا یہ کام کرنے کے لیے راضی ہے تو وہ دعا کے لیے مزید مریضوں کے نام بھی بھیج دیں گے۔ بھارتی صحافی نے لکھا کہ اگر کوئی ان کا یہ کام کرتا ہے تو اس کی شکر گزار رہیں گے۔

ایک اور ٹویٹ میں انھوں نے لکھا کہ پاکستان سے داتا دربار میں خصوصی دعا کا انتظام کروانے والوں کا شکریہ، انہوں نے کہا کہ داتا صاحب پر پورا یقین ہے وہ ضرور کرم کریں گے۔دوسری جانب بھارت میں کورونا کی بدترین صورتحال کے موقع پر پاکستانیوں کے ہمدردانہ پیغامات سے بالی وڈ اداکارہ سوارا بھاسکر بھی متاثر ہوگئیں۔ٹوئٹر پر جاری بیان میں سوارا بھاسکر نے پاکستانیوں کا شکریہ ادا کیا۔اداکارہ نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ اس تباہ کن صورتحال کے دوران پاکستان کی سول سوسائٹی اور سوشل میڈیا کا بھارت کے ساتھ اظہار یکجہتی اور ہمدردانہ رویہ حوصلہ افزا ہے۔اداکارہ نے بھارت کے پاکستان مخالف پروپیگنڈے کا اعتراف کرتے ہوئے ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ اس حقیقت کے باوجود کہ ہمارے میڈیا اور مرکزی دھارے میں جاری عوامی گفتگو نے مستقل طور پر پاکستانیوں کا مذاق اڑایا اور انہیں بدنام کیا ہے۔سوارا بھاسکر نے پاکستانیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں بڑے دل کا پڑوسی قرار دیا۔خیال رہے کہ اس سے قبل بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت بھی پاکستان کے ہمدردانہ رویے پر خوشی کا اظہار کرچکی ہیں۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button