ہمارا بھی بھارت جیسا حال ہوسکتا ہے، ملک میں مکمل لاک ڈائون کا مطالبہ زور پکڑنے لگا

کراچی (نیوز ڈیسک) عالمی وباء کورونا وائرس کی شدت کے باعث پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے ایک بار پھر ملک بھر میں مکمل لاک ڈاؤن کا مطالبہ کر دیا ، پی ایم سی کی طرف سے کہا گیا ہے کہ کورونا کی تیسری لہرخطرناک ہے اور کیسز میں روزبروز اضافہ ہو رہا ہے ، اگر احتیاط نہیں کریں گے تو اللہ نہ کرے ہمارا بھی بھارت جیسا حال ہوسکتا ہے ، ہلے بھی کہا تھا اب بھی کہتے ہیں ایس اوپیز پرسختی سےعمل کرنا ہو گا ، رمضان کے آخری عشرے میں زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے ۔تفصیلات کے مطابق پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے دیگر رہنماوَں کے ہمراہ ایک پریس

کانفرنس میں ڈاکٹر قیصر سجاد نے کہا کہ ہم پریشان ہیں کہ آئندہ آنے والوں دنوں میں ہمیں مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ، تمام ٹرانسپورٹیشن کو کچھ عرصے کے لیے بند کر دیا جائے ، عوام کو ایک جگہ سے دوسری جگہ جانے سے روکا جائے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کہہ رہی ہے کہ آکسیجن کا 90 فیصد استعمال ہو رہا ہے جو کہ بہت پریشان کن امر ہے ، حکومت کو چاہیے آکسیجن کی دستیابی کو ممکن بنائے کیوں کہ اس بیماری میں سب سے زیادہ ضرورت آکسیجن کی ہوتی ہے اس وقت بھارت کو اس کی کمی کا سامنا ہے ، ہم اس مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں ، بھارت کو ڈاکٹرز سمیت کسی بھی چیز کی ضرورت ہے تو پی ایم اے حکومت پاکستان کے ذریعے ان کو مہیا کرنے کے لیے تیار ہے ۔دوسری جانب پاکستان میں کورونا وائرس کی خطرناک قسم سامنے آ گئی ، کورونا وائرس کی نئی اور خطرناک قسم کا کراچی میں ایک کیس رپورٹ ہوا ، وائرس کی تصدیق ضلع وسطی کے علاقہ نارتھ کراچی کے رہائشی ذیشان شیخ میں ہوئی ، ذرائع محکمہ صحت کے مطابق ذیشان شیخ نامی شہری میں کورونا وائرس کی سب سے خطرناک قسم پائی گئی ، مذکورہ قسم کورونا وائرس کا سب سے تیزی سے پھیلنے والا ورژن ہے اور یہ وائرس برطانیہ اور بھارت سے مماثلت رکھتا ہے ، ڈی سی سینٹرل راجا دھاریجو نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد مذکورہ شخص کو گھر میں 2 ہفتوں کے لیے قرنطینہ کردیا گیا ہے جب کہ اطراف کے علاقوں میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button