کورونا کا شکار کیوں ہوا؟وزیراعظم عمران خان نے خود ہی اپنے کورونا میں مبتلا ہونے کی وجہ بتا دی

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے ملک بھر میں کورونا کی تیسری لہر میں شدت آنے کے بعد قوم سے ایس او پیز پر عمل درآمد کرنے کی اپیل کی، جس میں انہو ںنے اپنے کورونا میں مبتلا ہونے کی اصل وجہ بھی بتا دی۔ تفصیلات کے مطابق قومی ٹیلی ویژن چینل پر قوم سے اپنے خطاب کے دوران وزیراعظم عمران خان نے بتایا کہ میںنے سینیٹ الیکشن میں احتیاط نہیں کی،جس وجہ سے کورونا میں مبتلا ہو گیا۔انہو ںنے کہا کہ میں نے کورونا سے بچنے کے لیے جس قدر ہو سکا بچنے کی کوشش کی، سماجی فاصلہ بھی رکھا ، لیکن تھوڑی سی بد احتیاطی کی وجہ سے میں کورونا کا شکار ہو گیا۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح میں تھوڑی سی بداحتیاطی کی وجہ سے کورونا کا شکار بن گیا، آپ سے بھی اپیل ہے کہ بد احتیاطی نہ کریں ، ورنہ کورونا کا شکار ہوسکتے ہیں۔وزیراعظم عمران خان نے عوام سے اپنے خطاب کے دوران اپیل کی کہ ایس او پیز پر عمل کرکے ہم کورونا سے بچ سکتے ہیں۔ کورونا کی تیسری لہر برطانیہ سے آئی، اس سے متاثر ہونے والے مریضوں کی تعداد اتنی بڑھ چکی ہے کہ ہمارے ہسپتالوں میں جگہ کم پڑ رہی ہے۔ ایس اوپیز پر عمل نہ کیا تو صورتحال مزید بگڑ سکتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جس تیزی سے بیماری پھیل رہی ہے، ڈر ہے خدانخواستہ اس سے ہسپتال نہ بھر جائیں، اس کے علاوہ دنیا میں کورونا ویکسین کی بھی شارٹیج ہو رہی ہے۔ بہتر یہی ہے کہ رش والی جہگوں میں نہ جائیں۔ ہم کاروبار اور فیکٹریاں بند نہیں کر سکتے۔ کورونا کی پہلی دو لہروں سے یہ تیسری لہر زیادہ خطرناک ہے۔ ملک معاشی طور پر لاک ڈاؤن کا متحمل نہیں ہو سکتا۔وزیراعظم نے کہا کہ میں کورونا کی لہر سے گزر چکا ہوں، اللہ تعالیٰ نے مجھ پر اور میری اہلیہ پر بڑا کرم کیا ہے، یہ بڑی خطرناک بیماری ہے، مکمل احتیاط کریں۔خیال رہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے باعث پنجاب کے بعد خیبرپختونخواہ میں سب سے زیادہ اموات ریکارڈ کی گئیں۔ ملک بھر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے 57 اموات ہوئیں جن میں سے 20 اموات وینٹیلیٹرز پر موجود مریضوں کی تھیں۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button