حکومت نے گذشتہ مالی سال 10 ارب 14 کروڑ ڈالر کا قرضہ واپس کیا
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت نے 20-2019 میں 10 ارب 14 کروڑ ڈالر کا قرضہ واپس کیا ہے۔اکنامک افیئر ڈویژن کی دستاویز کے مطابق گذشتہ مالی سال بیرونی قرضوں کی واپسی کا تخمینہ 10ارب42کروڑ ڈالر لگایاگیا تھا، اتارے گئے قرض میں8 ارب 33 کروڑ ڈالر اصل ادھار اور ایک ارب 80کروڑ ڈالر سود اتارا گیا۔دستاویز کے مطابق 20-2019 میں 4 ارب 40 کروڑ ڈالر کا غیر ملکی کمرشل قرضہ واپس کیا گیا اور 2 ارب 21 کروڑ ڈالر غیر ملکی اداروں کو واپس کیے گئے۔رپورٹ کے مطابق بیرونی ممالک سے لیاگیا 72کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا قرض بھی ادا کیا گیا جبکہ حکومت نے ایک ارب ڈالر سکوک بانڈز کی مد میں بھی واپس کیے۔