پی ڈی ایم کی فتح پر اللہ تعالیٰ کا شکر،یوسف رضا گیلانی کو دلی مبارکباد،مریم نواز کا ٹویٹ

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے پی ڈی ایم کے امیدوار یوسف رضا گیلانی کی فتح پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے عوام کی فتح قرار دیدیا ہے۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری بیان میں مریم نواز شریف نے لکھا کہ اللہ تعالی کا شکر ہے کہ جس نے پی ڈی ایم کو فتح دی۔ جعلی مینڈیٹ عوام کے نمائندوں نے واپس چھین لیا ہے۔مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ اپنے ہی لوگوں نے دباؤ کے باوجود آٹا چور، چینی چور، بجلی چور، ووٹ چور عوام کے مجرم عمران خان کو ووٹ دینے سے انکار کر دیا۔ تمھارے پاس اب وزیراعظم ہاؤس پر قابض رہنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔

ووٹ چور کرسی چھوڑ۔ان کا کہنا تھا کہ یوسف رضا گیلانی صاحب کو دلی مبارکباد، پی ڈی ایم کو بھی مبارکباد، مسلم لیگ ن کے ممبران قومی اسمبلی کو بھی مبارکباد اور شاباش۔ نواز شریف کے فیصلے اور بیانیے کا مان رکھا اور جھکنے اور بکنے سے انکار کر دیا۔ شاباش مسلم لیگ ن ! مستقبل آپ کا ہے انشاء اللہ۔دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان کو اپنی اسمبلی سے شکست دلوانا تاریخی کامیابی ہے۔ یوسف رضا گیلانی کو چیئر مین سینیٹ منتخب کرائیں گے۔قومی اسمبلی میں پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے امیدوار سیّد یوسف رضا گیلانی کی فتح کے بعد نیوز کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین کا کہنا تھا کہ سب سے ضروری بات ہم جیت چکے ہیں، سینیٹ الیکشن کامیابی پورے پاکستان کی کامیابی ہے، آج پارلیمان کے وقار میں اضافہ ہوا ہے، عمران خان کو اپنی اسمبلی سے شکست دلوانا تاریخی کامیابی ہے، تمام پی ڈی جماعتوں کا شکر گزار ہوں۔آج جمہوریت کی آواز بلند ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تین دفعہ گنتی کرائی گئیں، عمران خان سپورٹس مین سپرٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے شکست تسلیم کر لیں۔ ہم نے ضمنی اور سینیٹ الیکشن میں حکومت کو شکست دی ہے، کٹھ پتلی حکومت کے خلاف جنگ جاری رہے گی، ظالم حکومت کو جلد گھر بھیجیں گے۔ اگر ان میں شرم ہوتی تو مستعفی ہو جاتے، شہباز شریف اور فضل الرحمان کے پاس جاؤں گا۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے فاتح امیدوار یوسف رضا گیلانی کو چیئر مین سینیٹ منتخب کرائیں گے۔

یہ ایک قسم کا پی ٹی آئی ایم ایف پروگرام پرعدم اعتماد ہے۔پی پی چیئر مین کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم میں تمام فیصلے مشاورت سے ہوتے ہیں، پی ڈی ایم کا مستقبل روشن ہے، از خود کوئی اعلان نہیں کروں گا پی ڈی ایم میں فیصلہ ہو گا، پی ڈی می اور جمہوریت کا مستقبل روشن ہے۔ پاکستان کے جمہوری سفر کا ایک نیا دور شروع ہونے جارہا ہے، ناکامی پر وزیراعظم عمران خان کو استعفیٰ دے دینا چاہیے، جمہوریت بہترین انتقام ہے، حکومت ہار چکی ہے اور پاکستان کے عوام جیت چکے ہیں۔واضح رہے کہ سینیٹ انتخابات میں اسلام آباد سے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے امیدوار یوسف رضا گیلانی نے حکومتی اتحاد کے حفیظ شیخ کو شکت دے کر بڑا اپ سیٹ کردیا۔ غیرسرکاری نتائج کے مطابق یوسف رضا گیلانی کو 169 اور حفیظ شیخ کو 164 ووٹ ملے۔ دوسری نشست پر تحریک انصاف کی فوزیہ ارشد کامیاب قرار پائی ہیں۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button