پاکستان کے اہم ڈیم میں شگاف پڑگیا، ڈیم اوور فلو ہوجانے سے بڑی تباہی کا خدشہ
کراچی(نیوز ڈیسک)سندھ میں واقع تھاڈو ڈیم اوور فلو ہوگیا، شگاف بھی پڑ گیا، ڈیم کا پانی آس پاس کے علاقوں میں داخل ہونے لگا، تباہی مچنے کا خدشہ، متعلقہ حکام فوری حرکت میں آگئے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر میں جاری طوفانی مون سون بارشوں نے تباہی مچا دی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ جاری مون سون بارشوں کی وجہ سے کراچی کے قریب واقع تھاڈو ڈیم کو نقصان پہنچا ہے۔تھاڈو ڈیم میں مسلسل بارش اور پانی کے دباو کی وجہ سے شگاف پڑ گیا ہے۔ جبکہ ڈیم اوور فلو ہونے کی وجہ سے پانی اب آس پاس کے علاقوں میں داخل ہونے لگا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس تمام صورتحال میں متعلقہ حکام فوری ایکشن میں آگئے ہیں۔ کوشش کی جا رہی ہے کہ تھاڈو ڈیم کو پہنچنے والے نقصان کی وجہ سے
کسی بھی آبادی کو نقصان نہ پہنچے۔دوسری جانب کراچی میں بارش کے چھٹے اسپل کے دوسرے روز بھی موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے اور شہر ایک بار پھر پانی میں ڈوب گیا اور نظام زندگی مفلوج ہو گیا۔ شہر کی کئی شاہراہیں ٹریفک کے لیے بند کر گئیں۔ کراچی میں آج صبح سے ہی موسلا دھار بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا جو وقفے وقفے سے جاری ہے۔ شہر میں موسلا دھار بارش سے سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں جبکہ گلیوں اور محلوں میں بھی کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہو گیا۔کورنگی، لانڈھی، ڈیفنس، منظور کالونی، ملیر، شاہ فیصل کالونی، اورنگی ٹاوَن، آئی آئی چندریگر روڈ، صدر، کھارادر، نارتھ کراچی، ناگن چورنگی، گلبرگ، بفرزون ،عزیز آباد اور لیاقت آباد میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔