حکومت نے لاہور کے بعد راولپنڈی میں رنگ روڈ منصوبے کے آغاز کا اعلان کردیا

راولپنڈی(نیوز ڈیسک) لاہور کے بعد پنجاب کے ایک اور شہر میں رنگ روڈ منصوبے کے آغاز کیلئے اربوں روپے کے فنڈ مختص کر دیے گئے، حکومت پنجاب نے برسوں سے زیر التوا راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کیلئے 6 ارب روپے سے زائد فنڈز کی منظوری دے دی، منصوبہ 2 برس میں مکمل ہونے کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق بتایا گیا ہے کہ تحریک انصاف کی پنجاب حکومت نے برسوں سے زیر التوا راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کو جلد سے جلد شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ راولپنڈی رنگ روڈ پراجیکٹ کی اراضی ایکوائر کرنے کاکام تیزی سے جاری ہے ، مدت تکمیل دو برس مقرر کی جائے گی ۔

بتایا گیا ہے کہ راولپنڈی رنگ روڈ کی 8ارب روپے کی لاگت سے لینڈ ایکوزیشن کاکام جاری ہے ۔ جبکہ منصوبے کے تعمیراتی کام کیلئے بھی 6 ارب روپے سے زائد کے فنڈ کی منظوری دے دی گئی ہے۔یہ منصوبہ تقریباً55 ارب روپے میں مکمل کیا جائے گا۔منصوبے بارے ہفتہ وار اجلاس منعقد ہوتا ہے اور اس بابت کمشنرراولپنڈی کو تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا جاتا ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ راولپنڈی رنگ روڈ پراجیکٹ کا باقاعدہ افتتاح وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کریں گے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ 64 کلو میٹر راولپنڈی رنگ روڈ منصوبہ کی کامیاب تکمیل کے لیے مختلف پہلوئوں پر کام جاری ہے۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ راولپنڈ ی رنگ روڈ منصوبے میں جدید ٹیکنالوجی کو مدنظر رکھا جائے گا اور رنگ روڈ پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر آن لائن چالان ہوسکے گا ۔اس حوالے سے راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے امید ظاہر کی ہے کہ راولپنڈی رنگ روڈ پراجیکٹ پر کام رواں مالیاتی سال میں شروع کر دیا جائے گا۔ رنگ روڈ منصوبہ راولپنڈی اسلام آباد کی ترقی کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا اور سفری آسانیوں کے ساتھ ساتھ کاروباری سرگرمیوں میں بھی اضافے کا سبب بنے گا۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button