حکومت نے کتنے شہروں میں اسمارٹ لاک ڈائون لگادیا، جانئے تفصیلات
لاہور(نیوز ڈیسک) پنجاب حکومت نے 3بڑے شہروں میں مائیکرواسمارٹ لاک ڈاؤن کردیا ہے، ان شہروں میں لاہور، راولپنڈی اور گوجرانوالہ کے علاقے شامل ہیں، تینوں شہروں میں 17مقامات پر88 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ترجمان پرائمری ہیلتھ کیئرپنجاب کے مطابق محکمہ صحت پنجاب کی سفارش پر صوبے کے تین شہرو ں میں مائیکرواسمارٹ لاک ڈاؤن لگا دیا گیا۔جس میں لاہور کے 12مقامات پر مائیکرواسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیاہے۔لاہور کے 12مقامات پر 28کورونا کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔ راولپنڈی کے 3مقامات پر مائیکرواسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے۔ راولپنڈی کے 3مقامات پر7کورونا کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔
اسی طرح گوجرانوالہ میں 2مقامات پر 53افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے، جس پر دونوں مقامات کو لاک ڈاؤن کردیا گیا ہے۔ترجمان نے بتایا کہ مثبت کورونا کیسز والے گھروں کو لاک ڈاؤن کیا گیا ہے۔ لاک ڈاؤن کا اطلاق 14روز کیلئے ہوگا۔ لاک ڈاؤن پر عملدرآمد کیلئے پولیس کو ڈیوٹی پر مامور کیا جائے گا۔ واضح رہے گزتشہ روز سیکرٹری محکمہ صحت پنجاب محمد عثمان کا کہنا تھا کہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگا دیا گیا ہے۔ مائیکرواسمارٹ لاک ڈاؤن کے ایس اوپیز میں کہا گیا کہ جس گھر میں کورونا کا مریض ہوگا، صرف اس گھر ، دکان کو سیل کیا جائے گا۔متاثرہ گھر، یا دکان کے پورے علاقے، عمارت یا شاپنگ مالز کو سیل نہیں کیا جائے گا۔ مائیکرواسمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران کورونا وائرس سے متاثرہ شخص گھر پر 14روز قرنطینہ میں رہے گا۔اسی طرح پنجاب میں احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے اور اسمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی کے باعث کورونا وائرس کی صورتحال میں بہتری کے آثار دکھائی دینے لگے ہیں۔ مسلسل چوتھے روز کورونا کیسز اور شرح اموات میں کمی آنے لگی ہے۔