9،10محرم الحرام کو موبائل ، انٹرنیٹ سروس بند کی جائے گی یا نہیں ، حکومت نے اعلان کردیا
لاہور(نیوز ڈیسک) پنجاب حکومت سکیورٹی خدشات کے باعث 9، 10محرم کو موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند رکھنے کا فیصلہ کرلیا۔ سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید نے کہا ہے کہ مجالس اور جلوسوں کے روٹس پر موبائل سروس پر جزوی جبکہ موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر مکمل پابندی عائد ہوگی، سوشل میڈیا پر نفرت اورشرانگیزی روکنے کیلئے ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ، سی ٹی ڈی، پولیس اور پی ٹی اے کی مشترکہ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید امام بارگاہ پانڈو سٹریٹ میں نویں محرم الحرام کے جلوس کے روٹ کا جائزہ کے دوران میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
اس موقع پر ان کے ہمراہ ایس ایس پی آپریشنز لاہور فیصل شہزاد تھے۔ ایس پی سٹی تصور اقبال نے جلوس کے روٹس، سٹی ڈویڑن میں مجالس اور ان کی سیکیورٹی اور سیفٹی کے انتظامات پر برہفنگ دی، ان کا کہنا تھا کہ 1190 مجالس اور 235 جلوس برآمد ہوتے ہیں، جن میں اے کیٹیگری کی 22 امام بارگاہوں بھی شامل ہیں، سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید نے جلوسوں، مجالس کی سیکورٹی اور سیفٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور جلوس اور مجالس کے آرگنائزرز، منتظمین سے ملاقات بھی کی، وزٹ کے موقعہ پر منتظمین نے سی سی پی او لاہور کو یقین دہانی کروائی کہ جلوسوں اور مجالس میں کورونا وباء کے پیش نظر حکومتی گائیڈز کی پاسداری کو یقینی بنایا جائے۔سربراہ لاہورپولیس نے ایس پی سٹی اور ایس پی سول لائنز کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ علاقے میں موجود کرایہ داروں اور ہوسٹلز میں رہائش پذیر افراد کے کوائف چیک کریں ،ملحقہ علاقوں میں سرچ آپریشنز ، پارکس اور مارکیٹوں میں بھی روزانہ کی بنیاد پر سرچ آپریشنز کئے جائیں۔ جلوس اور مجالس میں کورونا ایس او پیز کی مکمل پاسداری کروائی جائے۔ بغیر ماسک اور ہینڈ سینی ٹائز کئے بغیر کو شرکت نہ کرنے دی جائے۔