چینی صدر شی چنگ پنگ کا عارف علوی کو خط، پاکستانیوں کیلئے خصوصی پیغام
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین امن وترقی کی رفتار برقرار رکھیں گے، چین اور پاکستان اچھے بھائی اور شراکت دار ہیں، سی پیک چین اور پاکستان کے درمیان شراکت داری کی اعلیٰ مثال ہے۔ تفصیلات کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ نے اپنے ہم منصب صدر مملکت پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کو خط ارسال کیا ہے، خط میں لکھا کہ سی پیک کانفرنس کے موقع پر صدرعارف علوی کا خط اس بات کا اظہار ہے کہ وہ سی پیک کو اہمیت دیتے ہیں۔شی جن پنگ کا کہنا ہے کہ چین پاکستان کے ساتھ مشترکہ مستقبل کیلئے کام کرنے کیلئے تیار ہے۔
چین اور پاکستان اچھے بھائی اور شراکت دار ہیں۔ دونوں میں خصوصی دوستی ہے۔ سی پیک چین اور پاکستان کے درمیان شراکت داری اورتذویراتی تعاون کی اعلیٰ مثال ہے۔دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ مشاورت کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک سے متعلق پاک چین سیاسی جماعتوں کیساتھ مستقل مشاورت ہوتی ہے۔دونوں ملک خطے میں امن کیلئے کام کر رہے ہیں۔ اسی طرح دونوں ملک خطے میں امن اور ترقی کی رفتار برقرار رکھنے کیلئے کام کررہے ہیں۔ چینی صدر نے کہا کہ دونوں ممالک نے کورونا وباء کیخلاف ملکر کام کیا۔ عالمی ردعمل نے ثابت کیا مسائل کو باہمی تعاون سے حل کیا جاسکتا ہے۔مزید برآں چینی سفیر ژائو جنگ نے چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ سے ملاقات کی۔جس میں منصوبہ کو مزید بہتر اور مفید بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ نے ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں بتایا کہ چینی سفیر نے سی پیک اتھارٹی کا دورہ کیا اور چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ سے ملاقات کی ۔ چینی سفیر نے سی پیک کے منصوبوں پر توجہ دینے اور تیز رفتار کام پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک سے دونوں ممالک کے عوام مستفید ہوں گے۔ چینی سفیر نے سی پیک کو مزید بہتر اور مفید بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ۔