فاسٹ بائولر جنید خان کا دلبرداشتہ ہوکر پاکستان چھوڑنے کا فیصلہ، امریکہ منتقل ہونے پر غور

لاہور(نیوز ڈیسک) پاکستانی ٹیم میں شامل نہ کئے جانے پر فاسٹ بائولر جنید خان دلبرداشتہ ہوگئے، لندن یا امریکہ میں مستقل سکونت اختیار کرنے پر غور شروع کردیا ۔ بائیں ہاتھ سے فاسٹ بائولنگ کرنے والے 31 سالہ جنید خان کو پہلے دورہ انگلینڈ کیلئے ٹیسٹ سکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا اور پھر نیوزی لینڈ کے 35 رکنی سکواڈ میں بھی جگہ نہیں مل سکی ، مسلسل ٹیم سے ڈراپ ہونے پر جنید خان دلبرداشتہ ہوگئے ہیں۔ان کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ مایوسی میں مبتلا جنید خان اب امریکہ یا برطانیہ منتقلی پر غور کررہے ہیں، ان کی اہلیہ بھی لندن میں ہی مقیم ہیں۔ ذرائع کے مطابق جنید خان کو امریکہ اور

برطانیہ میں کمرشل کرکٹ کھیلنے کی آفرز آئی ہیں جس کے بعد اتنا بڑا فیصلہ کرنے سے قبل اب وہ اتوار کے روز پی سی بی حکام سے ملاقات کریں گے ۔جنید خان 2011ء سے اب تک پاکستان کی جانب سے 22 ٹیسٹ میں 71 ، 76 ون ڈے میں 110 اور 9 ٹی ٹونٹی مقابلوں میں 8 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں اور مئی 2019ء سے قومی ٹیم سے باہر ہیں۔یاد رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم میں مواقع نہ ملنے کے بعد متعدد کھلاڑی پاکستان سے چھوڑ کر دیگر ممالک میں کھیلنے جا رہے ہیں، چند روز قبل قومی ٹیم کے اوپنر سمیع اسلم اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کھیلنے والے محمد عرفان جونیئر نے بھی ٹیم میں شامل نہ کیے جانے پر دلبرداشتہ ہو کر پاکستان کرکٹ کو خیر باد کہہ دیا تھا۔ٹیسٹ بیٹسمین سمیع اسلم پاکستان چھوڑ کر امریکا چلے گئے۔ انہوں نے امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلز پہنچ کر سماجی رابطے کے ذریعہ نئے آغاز کی نوید سنادی اور دورہ نیوزی لینڈ کے 35 رکنی سکواڈ اور دورہ انگلینڈ میں شامل نہ ہونے پر دلبرداشتہ تھے، انہیں غیر معمولی اہلیت کے تحت امریکی امیگریشن مل گئی۔سمیع اسلم کا یو ایس اے کرکٹ بورڈ سے معاہدہ طے پاگیا ہے، امریکی کرکٹ بورڈ نے سمیع اسلم سے 3 برس کا کنٹریکٹ کیا ہے، امریکی کرکٹ بورڈ ٹیسٹ کرکٹر کو سالانہ پونے دو لاکھ ڈالرز ادا کرے گا، سمیع اسلم نے 13 ٹیسٹ میچز کھیلے اور 758 رنز بنائے،سیزن 20-2019 میں سمیع اسلم نے 864 رنز بنائے تھے جس میں 4 سنچریز بھی شامل تھیں۔سمیع اسلم کا کہنا ہے کہ پاکستان میں مزید بھی کھیلتا رہتا تو موقع ملنا مشکل تھا، میری دلی خواہش تھی کہ اپنے ملک کی نمائندگی کرتا، موجودہ حالات میں امریکی کرکٹ بورڈ کی جانب سے اچھی پیش کش ہوئی، جس کو میں نے قبول کر لیا۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button