پاکستانی نوسرباز میاں کاشف نے ارطغرل غازی کو بھی چونا لگا دیا

لاہور(نیوز ڈیسک) گذشتہ دنوں تُرکی کے اداکار اینگن التان المعروف ارطغل نے پاکستان کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ پاکستان کا ایک معروف نوسرباز میاں کاشف بھی موجود تھا جسے اینگن التان کی پاکستان میں تقریباً ہر تصویر میں دیکھا گیا پھر چاہے وہ کسی جگہ کا دورہ ہو یا پھر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقات ہو۔لیکن ارطغل کو کیا علم تھا کہ اُن کا یہی دوست انہیں پانچ لاکھ ڈالرز کا چُونا لگا دے گا۔ میڈیا رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ انگین التان کو پاکستانی شہری کاشف نے پانچ لاکھ ڈالرز کا چُونا لگا دیا۔ اینگن التان کو دراصل ایک نجی کمپنی کی طرف سے برانڈ

ایمبیسیڈر بنانے کے لیے بلایا گیا تھا جس کے لیے ان سے دس لاکھ ڈالرز کا معاہدہ کیا گیا تھا۔انہیں ایڈوانس میں پانچ لاکھ ڈالرز کی ادائیگی کی گئی جس کے بعد انہوں نے پاکستان آنے کا اعلان کیا اور باقی رقم پاکستان میں آنے پر دینے کا وعدہ کیا گیا۔سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے اس شہری کاشف نے اینگن التان کو کہا کہ پارٹی کی طرف سے پانچ لاکھ ڈالر کا چیک آچکا ہے ۔ آپ ترکی پہنچیں تو چند دنوں میں آپ کو پیسے مل جائیں گے لیکن جب انگین التان نے ترکی جا کر کاشف سے رابطہ کیا تو کاشف کی طرف سے کوئی جواب نہ ملا۔ بعد ازاں ترک اداکار نے پاکستانی حکام سے رابطہ کیا تو معلوم ہوا کہ کاشف سیالکوٹ کا نوسر باز ہے اور اس کے خلاف اس سے قبل بھی فراڈ کی بہت سی ایف آئی آرز درج ہیں۔کاشف کے مقدمات میں نامزد ہونے کے باوجود اس کے آزاد گھومنے پر کئی سوالات کھڑے ہو گئے ہیں۔ دوسری جانب نجی ٹی وی چینل کے رپورٹر نے دعویٰ کیا کہ کاشف کے خلاف خبر دینے پر انہیں دھمکیاں موصول ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کاشف کی دھمکی آمیز ویڈیو بھی دکھائی جس میں کاشف نے دھمکاتے ہوئے کہا کہ تم مجھے باہر ملو میں تمہیں دیکھ لوں گا۔ سوشل میڈیا پر کاشف کی اصلیت سامنے آئی تو صارفین نے افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ایک شخص کی وجہ سے پاکستان بدنام ہو جائے گا۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ میاں کاشف نے اپنے ایک انٹرویو کے دوران انگین التان سے گہری دوستی ہونے کا دعویٰ بھی کیا تھا اور کہا تھا کہ وہ انہیں لاکھوں روپے مالیت کے تحائف بھی دے چکے ہیں۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button