حکومت اسحاق ڈار کو واپس نہ لاسکی نواز شریف کو لانا اور مشکل ہے، شیخ رشید
لاہور(نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ نواز شریف کے باہر جانے پر وزیراعظم پچھتارہے ہیں جبکہ حکومت اسحاق ڈار کو واپس نہ لاسکی نواز شریف کو لانا تو اور مشکل ہے۔وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے ریلوے کی ری اسٹرکچرنگ کے حکم پر چار ہفتوں میں مکمل عمل درآمد کریں گے۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی اے پی سی عید کے بعد ہونے تھی لیکن اب محرم الحرام آگیا، محرم کے بعد بھی اے پی سی نہیں ہوگی یہ اپنے گلے پڑ جائےگی، فضل الرحمان ن لیگ اور پیپلزپارٹی سے جو چاہتے ہیں وہ انہیں نہیں ملے گا، ان کی سیاست کا تو پہلے ہی خانہ خراب ہے تو وہ چاہتے ہیں کسی اور کا بھی نہ رہے۔شیخ رشید نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی عمران خان کے خلاف کوئی تحریک نہیں چلاسکتے، دونوں جماعتیں این آر او کی تلاش میں ہیں، وزیراعظم عمران خان کچھ بھی کرلیں گے لیکن این آر او نہیں دیں گے، وہ پہلے ہی پچھتارہے ہیں کہ نواز شریف چلاگیا۔ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف اتنا بھولا نہیں کہ شہباز شریف والی غلطی کرے، ان کے لیے شہباز شریف کی ایک قربانی کافی ہے، مردہ اور تھکی ہوئی اپوزیشن عمران خان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی، باہر نکلے گی تو اور تھک جائے گی۔نواز شریف کو واپس لانے کے حکومتی اقدامات سے متعلق سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ اسحاق ڈار اور سلمان شہباز کو نہیں لاسکے تو نواز شریف کو لانا آسان کام نہیں، لیکن خواہش ہے کہ وہ واپس آکر مقدمات کا سامنا کریں۔