ایاز صادق کی اپوزیشن میں بیٹھنے پر مولانا عبدالاکبر چترالی کو نااہلی ریفرنس کی دھمکی

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماء سردار ایاز صادق نے اپوزیشن میں بیٹھنے پر جماعت اسلامی کے ایم این اے مولانا عبدالاکبر چترالی کو نااہلی ریفرنس کی دھمکی دے دی۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے عبدالاکبر چترالی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ چترالی صاحب فیصلہ کرلیں انہیں ہمارے ساتھ بیٹھنا چاہیئے ، عبدالاکبر چترالی کے خلاف ریفرنس تیار ہے ، یہ سب کے دوست ہیں اس لیے کارروائی نہیں کر رہے ، اکبر چترالی اگر حکومتی بینچز پر نہیں بیٹھتے تو ریفرنس آ سکتا ہے ، اس لیے ہمارے ساتھ بیٹھیں اور عوام کے مسائل حل کریں۔

حال ہی میں جماعت اسلام کے رکن اسمبلی مولانا اکبر چترالی نے قومی اسمبلی میں اتوار کی چھٹی ختم کرکے جمعہ کی چھٹی بحال کرنے کا مطالبہ کیا تھا ، اس حوالے سے جماعت اسلام کے رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ ملک میں اتوار کی چھٹی ختم کرکے جمعہ کی چھٹی بحال کی جائے اور مساجد سے بجلی بلوں و سرچارجز کا خاتمہ کیا جائے۔مولانا اکبر چترالی کا کہنا تھا کہ ہمیں امریکا کی غلامی کے بجائے خداکی غلامی اختیار کرنی چاہئے، اس ملک سے سودی نظام کا خاتمہ کیا جائے ، سودی نظام کے خاتمے تک ملک کی معیشت ٹھیک نہیں ہو سکتی ، وزراء بدل چکے مگر نظام وہی پرانا ہے، یہاں چہرے بدل چکے ہیں مگر نظام وہی ہے۔ قبل ازیں جماعت اسلامی نے سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک میں غیر جانبدار رہنے کا فیصلہ کیا تھا ، جماعت اسلامی کی قیادت نے اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے تحریک عدم اعتماد کی حمایت کے لیے کیے گئے رابطوں پر غور کے بعد فیصلہ کیا تھا کہ جماعت اسلامی سے تعلق رکھنے والے واحد رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالااکبر چترالی قومی اسمبلی میں وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک میں غیر جانبدار رہیں گے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button