بھارتی سوشل میڈیا نے عثمان مختار کو پنجگور میں شہید ہونے والاآرمی جوان قرار دیدیا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک)بھارتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس سمیت بھارتی میڈیا بھی پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کرنے میں مصروف رہتے ہیں، ایسا ہی ایک پراپیگنڈہ حال ہی میں بھی کرنے کی کوشش کی گئی جسے پاکستان کے سوشل میڈیا پر اور اداکار عثمان مختار نے نہ صرف ناکام بنایا بلکہ بھارتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو تنبیہہ بھی کی۔تفصیلات کے مطابق ایک بھارتی سوشل میڈیا اکاؤنٹ کی جانب سے اداکار عثمان مختار کی آرمی کے یونیفارم میں ملبوس ایک تصویر شیئر کی گئی جو کہ آئی ایس پی آر کے ڈرامے ”صنفِ آہن” کی ہے۔عثمان مختار کی تصویر شئیر کرتے ہوئے بھارتی سوشل میڈیا اکاؤنٹ نے

دعویٰ کیا کہ پاک فوج کے ایس ایس جی کمانڈر کیپٹن دانیال پنجگور میں وفات پا گئے ہیں۔جس پر اداکار عثمان مختار نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اس بھارتی اکاؤنٹ سے کی جانے والی ٹویٹ کا اسکرین شاٹ اپنے اکاؤنٹ پر شیئر کیا اور ساتھ ہی تنبیہہ کرتے ہوئے کہا کہ ڈیئر پروپیگنڈا، آپ اپنی حد میں رہیں، میں زندہ ہوں۔اداکار کا یہ ٹویٹر پیغام سوشل میڈیا کے کئی پلیٹ فارمز پر وائرل بھی ہوا جس پر پاکستانی صارفین مضحکہ خیز تبصرے پیش کیے اور بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا صارفین کو تمسخر بھی اُڑایا جب کہ بھارتی اکاؤنٹ کو بھی سخت تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔واضح رہے کہ بلوچستان کے علاقوں پنجگور اور نوشکی میں فورسز پر حملہ کیا گیا جس میں 13 فوجی جوان شہید اور 20 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ بلوچستان میں پنجگور اور نوشکی میں ہونے والے حملوں کے بعد وفاقی وزارت داخلہ نے الرٹ جاری کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے ملک کے چاروں صوبوں اور آزاد کشمیرکی پولیس اور دیگر سکیورٹی اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ وزارت داخلہ کے مطابق تمام انٹیلی جنس و سیکیورٹی اداروں اور صوبائی حکومتوں کو بھی غیر معمولی طور پر مستعد رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button