عمران خان کا خواب پورا کرنے کی کوشش کرتا رہوں گا ، شوکت ترین

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر برائے خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ جب تک وزیر خزانہ ہوں وزیراعظم عمران خان کا خواب پورا کرنے کی کوشش کرتا رہوں گا۔ تفصیلات کے مطابق ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماضی میں عوام کو خواب دکھایا گیا کہ ان کی ہر بنیادی ضرورت پوری ہو گی لیکن عوام کے ساتھ ماضی میں کیے گئے وعدے پورے نہیں کیے گئے لیکن ایک شخص کو عوام کی خودمختاری کی پرواہ ہوئی اور انہوں نے کہا غریب کے لیے کچھ کیا جائے اسی لیے وزیراعظم عمران خان نے مجھے کہا شوکت ترین غریب کے لیے کچھ کرنا ہے اور غیور عوام

کی عزت نفس کا خیال رکھنا ہے ، اس لیے جب تک وزیر خزانہ ہوں عمران خان کا خواب پورا کرنے کی کوشش کرتا رہوں گا۔دوسری جانب سینیٹر اور وزیر خزانہ بننے کے بعد شوکت ترین کو ایک اور حکومتی عہدہ مل گیا ، وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کو ایک اور اہم ذمے داری سونپ دی، جس کے لیے وزیراعظم عمران خان نے اقتصادی رابطہ کونسل کی تشکیل نو کر دی، جس کے بعد وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین ای سی سی کے نئے سربراہ ہوں گے ، شوکت ترین 6 ماہ کیلئے وزیر خزانہ کے عہدے پر تعینات رہنے کے دوران بھی ای سی سی کی سربراہی کر چکے ، تاہم وزارت خزانہ کا عہدہ چھوڑنے کے بعد انہیں ای سی سی کی سربراہی بھی چھوڑنا پڑی تھی ، اب سینیٹر منتخب ہونے اور پھر دوبارہ وزیر خزانہ بنائے جانے کے بعد شوکت ترین دوبارہ ای سی سی کے سربراہ مقرر کر دیے گئے ہیں۔علاوہ ازیں وزیرخزانہ شوکت ترین کی زیرصدارت نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا ، اجلاس میں وفاقی وزرا، مشیروں، معاونین خصوصی اور وزارتوں کے سیکرٹریز نے شرکت کی ، سیکرٹری خزانہ نے بریفنگ میں بتایا کہ ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی میں 0.40 فیصد اضافہ ہوا، 5 اشیاء کی قیمتوں میں کمی، 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام اور 23 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے ، آلو، آٹا، گڑ، سرخ مرچ سستی ہوئی، ٹماٹر، ایل پی جی، انڈے مہنگے ہوئے، اسی طرح پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے سے ایل پی جی کی قیمت بھی بڑھی۔سیکرٹری خزانہ نے مزید بتایا کہ خواتین

کے جوتوں کی قیمتیں فیکٹریوں نے سالانہ بنیادوں پر بڑھائیں ، ملک بھر میں آٹے کی قیمتوں میں مسلسل کمی کا رجحان رہا ہے، ملک بھر میں گندم کے وافر ذخائر موجود ہیں، جس پر کمیٹی نے اطمینان کا اظہار کیا ، اجلاس کو سیکریٹری خزانہ نے ملک میں چینی کی قیمتوں سے متعلق بھی بریفنگ دی کہ راولپنڈی، کراچی اور پشاور میں چینی کی قیمتوں میں معمولی اضافہ ہوا ہے ، اجلاس میں دودھ کی قیمتوں سے متعلق بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button