الیکشن کمیشن کو آگ لگا دی جائے ، اعظم سوتی برس پڑے ، الیکشن کمیشن پر سنگین الزامات

اسلام آباد (نیوز ڈیسک)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کے اجلاس میں وزیر ریلوے اعظم خان سواتی الیکشن کمیشن پر برس پڑے۔سینیٹ کمیٹی کے اجلاس میں اعظم سواتی نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے پیسے پکڑے ہوئے ہیں، الیکشن کمیشن ہمیشہ دھاندلی کرتا رہا ہے۔سینیٹر اعظم خان سواتی کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن ملک کی جمہوریت کو تباہ کرنے کا باعث ہے، ایسے اداروں کو آگ لگا دیں۔وفاقی وزیر برائے ریلوے کے الزامات پر الیکشن کمیشن حکام کمیٹی اجلاس سے واک آؤٹ کر گئے۔بابر اعوان نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے خط میں کہا کہ انھیں الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر اعتراضات ہیں،

یہ نہیں بتایا کہ سیکریسی کی پامالی کیسے ہوگی؟ وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان کا کہنا تھا کہ الیکٹرانک ووٹنگ زیادہ محفوظ ہے، یہ قابل تصدیق ہو گی اور اس کا آڈٹ بھی ہو سکے گا۔مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن نے کیسے ٹائم کیلکولیٹ کیا ہے کہ وقت کم ہے، فلپائن نے اس سے بھی کم وقت میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا استعمال کیا، مثال کے بغیر تحفظات کا اظہار کرنا کسی آئینی ادارے کے لیے غیر مناسب ہے ، الیکشن کمیشن بتائے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے کیسے رازداری نہیں رہے گی ، کمیشن قومی ذمہ داری ادا کرنے سے مت بھاگے، انکار کا مطلب تو پھر کچھ اور ہے، ای وی ایم پر کام کرنا الیکشن کمیشن کے آئی ٹی ونگ کا کام تھا، الیکشن کمیشن یہ کام نہیں کرسکا تو یہ اس کی اپنی ناکامی ہے، اس نے اتنے سال پائلٹ پروجیکٹ کیوں روکے رکھا، الیکشن کمیشن کے اعتراضات خود ان کے خلاف چارج شیٹ ہے۔بابر اعوان نے کہا کہ حکومت الیکشن کمیشن کو بجٹ سے متعلق مکمل بھرپور یقین دہانی کراتی ہے ، بجٹ سے متعلق فیصلہ کرنا ایگزیکٹو کا کام ہے نہ کہ کسی ادارے کا ، ابھی کاسٹنگ کہاں سے آگئی۔ وزیر مملکت علی محمد خان نے کہا کہ سمجھ نہیں آیا کہ 150 ارب کی بات کہاں سے آئی۔سینیٹر اعظم سواتی نے کہا کہ الیکشن کمیشن پارلیمان کا مذاق بنارہا ہے، اس نے پیسے پکڑے ہوئے ہیں، آئین سے الیکشن کمیشن کو نکال دینا چاہیے، آئینی ترمیم کرکے عام انتخابات کرانے کا اختیار حکومت وقت کو دینا چاہیے، الیکشن کمیشن ماضی کے انتخابات میں دھاندلی کراتا رہا ہے۔

اس پر الیکشن کمیشن حکام کمیٹی اجلاس سے احتجاجا واک آؤٹ کرگئے۔ مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ حکومت یہ نا سمجھے کہ قائمہ کمیٹی کو اپنے طریقہ سے چلائے گی، اعظم سواتی صاحب آپ بزرگ ہیں لیکن آپکا رویہ درست نہیں ہے، اعظم سواتی بتائیں کہ الیکشن کمیشن نے کس سے پیسے پکڑے۔دوسری جانب اسپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن نے قائمہ کمیٹی میں پیش آنے والے واقعے سے چیف الیکشن کمشنر کو آگاہ کردیا۔ ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر نے الیکشن کمیشن پر انتخابات بیچنے کے الزام پر شدید اظہار برہمی کرتے ہوئے پیر کو اہم اجلاس طلب کر لیا۔ اسپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن ظفر اقبال ملک ارکان کو بریفنگ دیں گے اور قائمہ کمیٹی اجلاس میں حکومتی وزیر کے الزامات سے بھی ارکان کو آگاہ کیا جائے گا۔ اعظم سواتی نے قائمہ کمیٹی اجلاس میں الیکشن کمیشن پر الیکشنز بیچنے کا الزام لگایا ہے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button