پیپلز پارٹی کی ہر عورت جدوجہد کے لیے تیار ہے، آصفہ بھٹو

ملتان (مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی چھوٹی صاحبزادی آصفہ بھٹو نے سیاسی میدان میں انٹری دیتے ہوئے ملتان میں پی ڈی ایم کے جلسے سے دھواں دار خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام نے فیصلہ دیدیا، حکمرانوں کو اب گھر جانا ہوگا۔ملتان جلسے میں بینظیر بھٹو کی صاحبزادی آصفہ بھٹو کو خطاب کرتا دیکھ کر پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکن جذباتی ہو گئے اور فلک شگاف نعرے لگاتے رہے۔ آصف بھٹو زرداری کا اپنے پہلے سیاسی خطاب میں کہنا تھا کہ ہم بی بی شہید کا مشن لے کر چلیں گے۔آصفہ بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سلیکٹڈ کے ظلم کے باوجود اتنی تعداد میں کارکن جمع ہوئے۔

عوام اب حتمی فیصلہ کر چکے ہیں کہ وہ ان حکمرانوں کو گھر بھیج کر دم لیں گے۔ ہم عوام کی خدمت کرکے شہید بھٹو کا مشن پورا کریں گے۔انہوں نے حکمرانوں کو للکارتے ہوئے کہا کہ ہم گرفتاریوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔ اگر بھائیوں کو گرفتار کریں گے تو پیپلز پارٹی کی ہر عورت جدوجہد کیلئے تیار ہے۔ملتان میں گھنٹہ گھر چوک پر پی ڈی ایم کے جلسے میں پیپلز پارٹی کی نمائندگی کرنے والی پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہمشیرہ آصفہ بھٹو زرداری نے دھواں دار خطاب میں کہا کہ میں خراج تحسین پیش کرتی ہوں کہ سلکیٹڈ حکومت کے ظلم و جبر کے باوجود اتنی بڑی تعداد میں جمع ہوئے۔انہوں نے پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس پر جیالوں کی آمد پر شکریہ بھی ادا کیا۔آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے اس پارٹی کی بنیاد عوامی جمہوری اور فلاحی ریاست کے لیے رکھی تھی اور وہ اس مقصد سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے۔بے نظیر بھٹو نے اپنے والد کا مشن جاری رکھا اور اس راہ میں شہادتیں قبول کیں۔انہوںنے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے 18ویں ترمیم کے ذریعے عوامی جدوجہد جاری رکھی۔ہم بھی عوام کی خدمت کرکے شہید بھٹو کا مشن پورا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ میں ایسے وقت پر آپ کے سامنے آئی ہوں جب پارٹی چیئرمین اور میرے بھائی بلاول کورونا وائرس میں مبتلا ہیں۔پی ڈی ایم کی تحریک میں بلاول بھٹو زرداری کا ساتھ دیں گے۔آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ آج عوام نے حکومت کے خلاف فیصلہ دے دیا، اب حکومت کو جانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس سلیکٹڈ حکومت سے عوام کو بچائیں گے۔

ہم گرفتاریوں سے نہیں ڈرتے، اگر ہمارے بھائیوں کو گرفتار کیا تو پیپلز پارٹی کی ہر عورت اپنی گرفتاری دینے اور اس عمل میں جدوجہد کے لیے تیار ہے۔واضح رہے کہ ملتان کی ضلعی انتظامیہ نے پی ڈی ایم کے جلسے کی درخواست کورونا کی دوسری لہر کے پیش نظر مسترد کردی تھی تاہم پی ڈی ایم رہنما جلسہ کرنے پر بضد ہیں جس کے بعد پولیس نے گزشتہ رات قلعہ کہنہ قاسم باغ کو کنٹینرز لگا کر سیل کر دیا تھا۔خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی بڑھتی لہر اور انتظامیہ کی جانب سے اجازت نہ دینے کے باوجود اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم نے 22 نومبر کو پشاور میں اپنی سیاسی طاقت کا مظاہرہ کیا تھا۔اس کے بعد اپوزیشن اتحاد 26 نومبر کو لاڑکانہ اور 30 نومبر کو ملتان میں جلسہ کرنے کا اعلان کرچکا ہے۔22 نومبر کو ہونے والا پشاور کا جلسہ حکومت مخالف پی ڈی ایم کا چوتھا سیاسی پاور شو تھا۔اس سے قبل اپوزیشن اتحاد نے اپنے جلسوں کا باقاعدہ آغاز 16 اکتوبر کو گوجرانوالہ سے کیا تھا، جس کے بعد 18 اکتوبر کو کراچی میں جلسہ کیا گیا تھا جبکہ 25 اکتوبر کو پی ڈی ایم نے کوئٹہ میں سیاسی طاقت دکھائی تھی۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button