بے گھر افراد کیلئے زبردست منصوبہ، حکومت کا 10 نئے شہروں میں گھروں کی تعمیر کا فیصلہ
لاہور(نیوز ڈیسک ) حکومت نے پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ کے تحت 10 نئے شہروں میں گھروں کی تعمیر کا فیصلہ کرلیا ہے، ان شہروں میں لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، سیالکوٹ، چنیوٹ، چشتیاں، کھاریاں، پتوکی، حضرو، لودھراں شامل ہیں، متعدد ڈویلپرز، بلڈرز نے اس پراجیکٹ میں شمولیت کیلئے پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی سے رابطہ کیا ہے۔وزیر ہاؤسنگ و اربن ڈویلپمنٹ میاں محمودالرشید نے اس حوالے سے بتاتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے 10 نئے شہروں میں ڈویلپرز، بلڈرز اور انویسٹرز کے ساتھ جائنٹ وینچر کے ذریعے نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ کے تحت گھروں کی تعمیر شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ان نئے شہروں میں لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، سیالکوٹ، چنیوٹ، چشتیاں، کھاریاں، پتوکی، حضرو اورلودھراں شامل ہیں۔متعدد انویسٹرز، ڈویلپرز اور بلڈرز نے نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ میں شمولیت کیلئے پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی (پھاٹا) سے رابطہ کیا ہے اور اس ضمن میں ان انویسٹرز، ڈویلپرز اور بلڈرز کی درخواستوں پر پھاٹا میں ضابطے کی کارروائی جاری ہے جس کے تحت ان بلڈرز کی رہائشی سکیموں کو منظور کرکے ان شہروں میں جلد از جلد کم لاگت گھروں کی تعمیر شروع کر دی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم پاکستان کی پالیسی کے تحت گھروں کی تعمیر کیلئے تین لاکھ روپے کی سبسڈی کی فراہمی سے کم آمدنی والے طبقہ کو خاطرخواہ آسانی فراہم ہوگی۔ میاں محمودالرشید نے مزید بتایا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ کے تحت پرائیویٹ بلڈرز اور ڈویلپرز کو بھرپور ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے اور ہاؤسنگ سے متعلقہ پالیسیاں تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے مرتب کی گئی ہیں۔