کورونا میں مبتلا وکیل چیف جسٹس کی عدالت میں پیش، کمرہ عدالت میں کھلبلی مچ گئی

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )سپریم کورٹ آف پاکستان میں کورونا سے متاثرہ وکیل پیش ہوا جس پر عدالت میں کھلبلی مچ گئی۔ تفصیلات کے مطابق عالمی وبا کورونا سے متاثرہ وکیل سپریم کورٹ میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد کی عدالت میں پیش ہوا۔ بیرسٹر ڈاکٹر عدنان نے کہا کہ مجھے کورونا ہے لیکن آپ کی عدالت میں پیش ہو رہا ہوں۔وکیل کے انکشاف پر عدالت میں کھلبلی مچ گئی۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد نے وکیل بیرسٹر ڈاکٹر عدنان سوال کیا کہ آپ عدالت میں کیوں آئے؟ جس پر وکیل نے کہا کہ آج ہائیر ایجوکیشن کے لیکچررز کا اہم کیس لگا ہوا تھا اس لیے آ گیا۔

چیف جسٹس نے بیرسٹر ڈاکٹر عدنان سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں کی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں۔چیف جسٹس نے ہدایت کی کہ آپ اپنے دلائل تحریری طور پر دے دیں اور فوری کمرہ عدالت سے چلے جائیں۔خیال رہے کہ ملک بھر میں کورونا کی دوسری لہر نے شدت اختیار کر لی ہے جس کے پیش نظر عوام کو ایس او پیز پر عمل کرنے اور ماسک کا استعمال کرنے کی ہدایات کی جا رہی ہیں جبکہ کورونا سے متاثرہ مریضوں کو علیحدہ رہنے اور قرنطینہ کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 3 ہزار کیسز رپورٹ ہوئے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا سے 59 اموات ہوئیں۔جس کے بعد ملک بھر میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد 3 لاکھ 82 ہزار 892 اور مجموعی اموات کی تعداد 7 ہزار 803 ہو گئی۔این سی او سی کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران 41 ہزار 583 کورونا ٹیسٹ کیے گئے۔ فعال کیسز کی تعداد 42 ہزار 115ہے۔ملک بھر میں صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 3 لاکھ 32 ہزار 947 ہے۔ کورونا کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر حکومت نے عوام کو ماسک پہننے اور ایس او پیز پر عملدرآمد کرنے کی ہدایات بھی کیں جبکہ ملک بھر میں تعلیمی ادراے بھی بند کر دئے گئے ہیں۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button