اسکولوں کی بندش کیخلاف اساتذہ سڑکوں پر نکل آئے، حکومت کو واضح پیغام دیدیا

راولپنڈی(نیوز ڈیسک)اسکولوں کی بندش کے خلاف نجی تعلیمی اداروں کی خواتین اساتذہ کی جانب سے راولپنڈی میں ریلی نکالی گئی۔راولپنڈی میں خواتین اساتذہ کی جانب سے اسکولوں کی بندش کے خلاف نکالی گئی ریلی میں این سی او سی کے اجلاس میں نجی تعلیمی اداروں کے مؤقف کو بھی سامنے رکھنے کا مطالبہ کیا گیا۔ اساتذہ کی جانب سے مطالبے میں کہا گیا ہے اسکولوں کی بندش سے سیکڑوں ٹیچرز کے بے روزگار ہونے کا خدشہ ہے، چنانچہ کورونا ایس اوپیز پر مکمل عمل کرنے والے اسکولوں میں تعلیمی عمل جاری رکھنے دیا جائے۔دوسری جانب وفاقی حکومت نے 25 نومبر سے اسکول بند کرنے کا عندیہ دے دیا ۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت پیر کو ہونے والے صوبائی وزرائے تعلیم کے اجلاس میں تجویز پیش کرے گی کہ 25 نومبر سےاسکول بند کر دیے جائیں۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرتعلیم نے کہا کہ ملک بھر میں کورونا وائرس سے بڑھتی ہوئی اموات اور کورونا کیسز میں اضافے کو مدِنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کیا گیا ہے کہ 25 نومبر سے اسکول بند کر دیے جائیں، اور پیر کو ہونے والے اجلاس میں صوبوں کے سامنے بھی یہ تجویز رکھیں گے۔بچوں کے تعلیمی نقصان کے حوالے سے شفقت محمود کا کہنا تھا کہ تجویز ہے کہ کیمپس کے بجائے گھر پر پڑھائی شروع کی جائے۔اساتذہ اسکول آئیں، بچے آن لائن پڑھیں اور جہاں آن لائن کا بندوبست نہیں وہاں بچے ایک دن اسکول آکر ہوم ورک لے جایا کریں۔ اس سے بچوں کی تعلیم کا بھی حرج نہیں ہوگا اور کورونا وبا سے متاثر ہونے کا خدشہ بھی نہیں ہوگا ۔واضح رہے کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر اور بڑھتے کیسز کے پیش نظر پنجاب کے 6 شہروں کے مختلف علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگا دیا گیا ہے، جن شہروں میں لاک ڈاؤن لگایا گیا ان میں لاہور، راولپنڈی، بھکر، بہاولپور اور ملتان شامل ہیں۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button