برائے مہربانی استعمال شدہ کونڈمز گٹروں میں مت پھینکیں،کراچی واٹر بورڈ کی اپیل

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ (کے ڈبلیو ایس بی) نے شہریوں سے درخواست کی ہے وہ استعمال شدہ کونڈمز گٹروں میں نہ پھینکیں کیونکہ اس کی وجہ سے شہر بھر میں سیوریج کے مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ (کے ڈبلیو ایس بی) کے ترجمان نے گٹر بند ہونے اور سیوریج کے مسائل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مانع حمل بالخصوص استعمال شدہ کونڈمز گٹر میں پھینکنے کی وجہ سے شہر بھر میں سیوریج کے مسائل جنم لے رہے ہیں۔میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ (کے ڈبلیو ایس بی) کے ملازمین نے

گذشتہ روز سیوریج لائن کی صفائی کے دوران بڑی تعداد میں استعمال شدہ کونڈمز برآمد کیے۔ محکمہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ گذشتہ روز کراچی کے علاقہ کلفٹن کے بلاک ٹو میں سیوریج لائن کی صفائی کے دوران بڑی تعداد میں استعمال شدہ کونڈمز برآمد کیے گئے جس سے سیوریج لائن میں مسلسل خرابی اور سیوریج لائن میں روانی میں رکاوٹ پیدا ہو رہی تھی۔انہوں نے کہا کہ سیوریج لائن کی صفائی کے دوران اس طرح کی اشیا برآمد ہونے کا یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے ، اس سے قبل بھی کئی علاقوں میں سیوریج لائن کی صفائی کرنے والے ملازمین کو کونڈمز سمیت ایسی کئی اشیا ملی ہیں جو سیوریج لائن کو بلاک کرنے کا موجب بنتی ہیں۔ ترجمان کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ (کے ڈبلیو ایس بی) نے کہا کہ مسلسل پانی میں رہنے کی وجہ سے کونڈمز کا سائز ان کے اصل سائز سے 400 گنا تک بڑھ جاتا ہے جس کے باعث مین ہولز اور سیوریج لائنز بند ہو جاتی ہیں۔انہوں نے شہریوں سے درخواست کی کہ اس طرح کی چیزیں گٹروں میں پھینکنے کی بجائے کوڑے دانوں میں پھینکی جانی چاہئیں۔ انہوں نے اس حوالے سے شہریوں میں آگاہی پیدا کرنے پر زور دیا اور اس ضمن میں حکومتی محکموں اور سماجی آرگنائزیشنز کی توجہ بھی اس جانب مبذول کروائی کہ شہریوں میں اس حوالے سے شعور پیدا کیا جائے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button