تحریک انصاف گلگت بلتستان میں حکومت بنانے کیلئے تیار

گلگت (نیوز ڈیسک) گلگت بلتستان میں عام انتخابات میں کامیاب ہونے والے 4 آزاد ارکان اسمبلی نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کردیا۔گلگت بلتستان انتخابات کے بعد حکومت سازی کا عمل شروع ہوگیا ہے۔ گلگت بلتستان اسمبلی کے الیکشن جیتنے والے 4 آزاد امیدوار تحریک انصاف میں شامل ہوگئے۔ اس موقع پر آزاد اراکین نے وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور، سیف اللہ نیازی اور ارشد داد سے ملاقات کی۔نومنتخب آزاد ارکان وزیر محمد سلیم، ناصر علی خان، مشتاق حسین اور حاجی عبدالحمید نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔ وزیر محمد سلیم جی بی 9 سے آزاد حیثیت میں منتخب ہوئے۔

ناصر علی خان جی بی 10 نے گلگت بلتستان الیکشن میں کامیابی حاصل کی۔مشتاق حسین جی بی 22 گانچھے اور حاجی عبدالحمید جی بی 23 گانچھے سے الیکشن جیتنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ جی بی الیکشن میں تحریک انصاف نے 10 نشستیں، پیپلز پارٹی 3 اور (ن) لیگ نے دو نشستیں حاصل کی ہیں جب کہ 7 نشستوں پر آزاد امیدوار فتح یاب ہوگئے۔4 آزاد ارکان کی شمولیت کے نتیجے میں پی ٹی آئی کی نشستیں 14 ہوگئی ہیں اور وہ باآسانی حکومت سازی کرسکتی ہے۔دوسری جانب چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام نے وفاق کو عدم اعتماد کا ووٹ دیا اور پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں نے سب سے زیادہ ووٹ لیے، جی بی 21 میں پولنگ باکس چوری ہوا ہے، سازش کے تحت عورتوں کو ووٹ نہیں ڈالنے دیا گیا جب کہ الیکشن کمشنر نے ہمارے امیدوار کو انتخابی مہم کا حصہ نہیں بننے دیا۔بلاول بھٹو زداری نے کہا کہ ہمارے کارکن سرد موسم میں بھی احتجاج کر رہے ہیں، انتخابی نتائج کا سامنے نہ آنا متنازع ہے، ایک تصویر میں چیف الیکشن کمشنر گورنر کے ساتھ بیٹھے ہیں، ہم تو پہلے دن سے کہہ رہے ہیں یہ مک مکا ہے، چیف الیکشن کمشنر سے تصویر کی وضاحت چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو بیچ دیا گیا، ڈھٹائی سے کہا جا رہا ہے کہ الیکشن شفاف تھے، الیکشن کمیشن جواب دینے کے بجائے پی ٹی آئی کی حکومت بنانے میں لگا ہے، یہ الیکشن کمیشن نہیں پی ٹی آئی کا ونگ ہے۔چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی نے کہا کہ الیکشن کمشنر اپنے عہدے کا پاس نہیں رکھ سکے، گلگت بلتستان میں ووٹ پر ڈاکا نامنظور کا نعرہ اٹھ رہا ہے، کٹھ پتلیوں سے آزادی لے کر رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں بیٹھی حکومت جنوری تک مہمان ہے، پی ٹی آئی ابھی تک وزیراعلیٰ کا فیصلہ نہیں کر سکی، یہ ہر رکن کے پاس جا کر کہہ رہے ہیں تم وزیراعلیٰ ہو، آزاد امیدوار صرف جنوری تک انتظار کریں۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button