میرا الیکشن چُرالیا گیا، بلاول بھٹو نے احتجاج کا اعلان کردیا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ میرا الیکشن چُرا لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں کچھ دیر میں گلگت بلتستان کے لوگوں کے ساتھ احتجاج میں شریک ہوں گا۔گلگت میں آر او آفس کے سامنے انتخابی نتائج کے خلاف پیپلز پارٹی کے مظاہرین سے خطاب کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کے حق پر ڈاکا ڈالا گیا ہے، ووٹ کا تحفظ کرنے والوں نے حکومت کا ساتھ دے کر اپوزیشن کو مات دی ، ان کو پتہ تھا پی ٹی آئی گلگت بلتستان میں صفر ہے ، پی ٹی آئی میں شمولیت کے لیے لوگوں پر دباوَ ڈالا گیا،

انہیں پیپلزپارٹی اور ن لیگ کو چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شامل ہوجانے کے پیغامات دیئے گئے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ الیکشن کو متنازع نہیں ہونے دیں گے، ہم اپنی انتخابی مہم جاری رکھیں گے، احتجاج جاری رکھیں گے ،ہم پر عوام کی طرف سے دباوَ ہے، سارے دروازے بند نہ کریں، حق نہ ملا تو ہمارا رخ اسلام آباد کی طرف ہو گا، ہمیں سخت پوزیشن لینے پر مجبور نہ کیا جائے۔اس سے قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپرپیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹونے گلگت بلتستان میں انتخابی نتائج کے خلاف احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے الیکشن چوری ہوئے ہیں، میں ابھی تھوڑی دیرمیں گلگت بلتستان کے عوام کے احتجاج میں شرکت کے لئے جارہا ہوں۔واضح رہے کہ گلگت بلتستان کے انتخابات میں تمام نشستوں کے غیر سرکاری نتائج موصول ہوگئے، تحریک انصاف 10 نشستوں کے ساتھ سرفہرست ہے جب کہ پیپلز پارٹی 3 نشستوں کے ساتھ دوسرے اور (ن) لیگ دو نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے، 7 نشستوں پر آزاد امیدوار فتح یاب ہوگئے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button