امارات سے اسرائیل آنیوالے سیاحوںکے پاسپورٹس پر مہر نہیں لگے گی ، اسرائیل کا اعلان
تل ابیب (مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیل میں متحدہ عرب امارات سے آنے والے سیاحوں کے پاسپورٹس پر مہر نہیں لگے گی۔میڈیارپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزارت خارجہ کے نائب ترجمان نزار عمر نے بتایا کہ اسرائیل میں آنے والے سیاحوں کے پاسپورٹس پر بالعموم بارڈر کنٹرول (ہوائی اڈوں)پرمہر نہیں لگائی جاتی ہے بلکہ انھیں ایک کارڈ کے طور پر مجاز کاغذ کا ٹکڑا دیا جاتا ہے جس کو دکھا کر وہ ملک داخل ہوسکتے ہیں۔ان سے یہ سوال پوچھا گیا تھا کہ کیا امارات سے آنے والے سیاحوں کے پاسپورٹس پر دخول اور خروج کی مہر لگائی جائے گی۔اس کے جواب میں انھوں نے مزید کہا کہ اس موضوع پر دونوں ملکوں کے درمیان آیندہ بات چیت میں مزید
تبادلہ خیال کیا جائے گا۔اسرائیل میں یو اے ای کے پاسپورٹس پر مہر لگانے کا معاملہ اس لحاظ سے اہمیت کا حامل ہے کہ بعض عرب ممالک اسرائیلی مہر زدہ پاسپورٹس کے حاملین کو اپنے ہاں داخل ہونے کی اجازت نہیں دیتے ہیں۔اسرائیل کا پڑوسی لبنان بھی ایسے ممالک میں شامل ہے۔متحدہ عرب امارات نے پہلے ہی اسرائیلی مہر زدہ پاسپورٹس کے حاملین کو ملک میں آنے کی اجازت دے رکھی ہے۔اسرائیلی شہری اگر اپنے ملک کے علاوہ کسی اور ملک کے جاری کردہ پاسپورٹس استعمال کریں تو انھیں بھی داخلے کی اجازت دے دی جاتی ہے۔واضح رہے کہ اسرائیل کے شہریوں کی اکثریت امریکا سمیت مغربی ممالک کی شہریت بھی رکھتی ہے۔