یونس خان کوپی سی بی میں بڑا عہدہ مل گیا

لاہور(نیوز ڈیسک) سابق کپتان یونس خان کو 2 سال کے لیے قومی ٹیم کا بیٹنگ کوچ مقرر کردیا گیا ہے۔سابق کپتان یونس خان کو 2 سال کے لیے قومی ٹیم کا بیٹنگ کوچ مقرر کردیا گیا ہے، یونس خان کی تقرری کم از کم آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022 تک کے لیے کی گئی ہے۔ اکتوبر/ نومبر 2022 میں آسٹریلیا میں شیڈول ایونٹ کا فائنل 13 نومبر کو کھیلا جائے گا، اس سے قبل یونس خان نے دورہ انگلینڈ میں بھی قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ کی حیثیت سے ذمہ داریاں ادا کیں تھیں۔ سابق کپتان اب دورہ نیوزی لینڈ میں بھی یہی کردار نبھائیں گے جب کہ پاکستان کرکٹ ٹیم 23 نومبر کو

نیوزی لینڈ کے لیے روانہ ہوگی۔قومی کرکٹ ٹیم کے ساتھ مصروفیت نہ ہونے کی صورت میں یونس خان حنیف محمد ہائی پرفارمنس سنٹر کراچی میں بھی بیٹنگ کوچ کی حیثیت سے کام کریں گے۔ اس سلسلے میں نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر ایک مکمل پروگرام تشکیل دے گا۔‏پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ انہیں خوشی ہے کہ یونس خان اب کم از کم آئندہ 2 برس تک بیٹنگ کوچ کی حیثیت سے ہمارے ساتھ کام کریں گے، اگرچہ وہ انگلینڈ میں مختصر وقت کے لئے ٹیم کے ساتھ رہے تاہم اس دوران ہمیں ان کے بارے میں جو فیڈ بیک ملا وہ شاندار تھا۔یونس خان کا کہنا ہے کہ وہ ایک طویل مدت کے لیے پاکستان کرکٹ کے سیٹ اپ میں شمولیت پر خوش ہیں، دورہ انگلینڈ میں قومی کرکٹ ٹیم کے ساتھ کام سے وہ بہت لطف اندوز ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اب نیوزی لینڈ کے اہم دورے پر انہی لوگوں کے ساتھ دوبارہ کام کرنے کے منتظر ہیں اور خوش ہیں کہ ان کے کام کے دائرہ کار کو وسیع کر دیا گیا ہے، وہ ڈومیسٹک سطح پر کام کرنے میں بھی دلچسپی رکھتے ہیں تاکہ بلے بازوں کی صلاحیتوں میں نکھار لایا جاسکے۔یونس خان نے 118 ٹیسٹ میچز میں 10099 جبکہ 265 ایک روزہ انٹر نیشنل میچز میں 7249 اور 25 ٹی ٹونٹی انٹر نیشنل میچز میں 442 رنز اسکور کئے۔انہوں نے پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ 34 ٹیسٹ سنچریاں بنائیں ۔ ان کا بہترین اسکور 2009 میں کراچی میں سری لنکا کے خلاف 313 رنزتھا۔‏ یونس خان آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2009 کی فاتح پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بھی تھے۔ ایونٹ کے فائنل میں پاکستان نے سری لنکا کو ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button