کورونا وائرس، حکومت نے مزارات،سنیمااور تھیٹرسمیت کیا کچھ بند کرنے کا اعلان کردیا، بڑی خبر

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) نے سینما، تھیٹرز اور مزارات فوری طور پر بند کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔این سی اور سی کی جانب سے مزارات کو بھی فوری بند کرنے اور ریسٹورنٹس پر رات 10 بجے تک باہر بیٹھ کر کھانا کھانے اور کھانا گھر لے جانے کی اجازت دی گئی ہے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے اجلاس میں عوامی اجتماعات پر پابندی لگانے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے کہا ہے کہ کورونا کیسز میں اضافہ فوری اقدامات کا تقاضہ کررہا ہے، بڑے اجتماعات پر پابندی کی تجویز کے بعد

کورونا کیسز میں 3 گنا اضافہ ہوا۔ان کا کہنا تھا کہ سیاسی قیادت پوری قوم کو کورونا کی روک تھام کے اقدامات کرنے کا پیغام دے، اس فیصلے کیلئے این سی او سی میں اتفاق رائے کی ضرورت ہے، اتفاق رائے نہ ہونے کے باعث سفارشات پر عمل تاخیر کا شکار ہے۔وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا جس میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان شریک ہوئے جب کہ وزیر تعلیم شفقت محمود اور سیکریٹری صحت عامر خواجہ نے بھی شرکت کی۔این سی او سی کے مطابق تعلیمی اداروں میں مثبت کیسز کا تناسب بڑھ رہا ہے جسے روکنے کی ضرورت ہے، اجلاس میں تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات پیشگی شروع کرنے کی تجویز بھی سامنے آئی تاہم 16 نومبر کو وفاقی وزیر تعلیم این سی او سی میں صوبائی وزرائے تعلیم کے ساتھ ملاقات کریں گے، مشاورتی مباحثے کے بعد سفارشات صوبوں کے ساتھ شیئر کی جائیں گی۔این سی او سی نے شادی تقریبات سے متعلق رہنما اصول بھی جاری کردیے جس کے مطابق 20 نومبر سے صرف 500 افراد کی بالائی حد کے ساتھ بیرونی شادیوں کی اجازت ہوگی جب کہ 500 سے زائد افراد کے سیاسی، ثقافتی، مذہبی، تفریحی اور سول سوسائٹی کے اجتماعات پر پابندی کی سفارش کی گئی ہے۔این سی او سی کی جانب سے مساجد میں ایس او پیز پر عمل درآمد کی درخواست بھی کی گئی، اس کے علاوہ مزارات، سنیما گھر اور تھیٹر فوری طورپر بند کرنے کی سفارش سمیت بازاروں کو جلدی بند کرنے اور

مخصوص دنوں کے لیے کھولنے کی تجاویز دی گئیں تاہم این سی او سی کی تجاویز پر حتمی فیصلے قومی رابطہ کمیٹی اجلاس میں کیے جائیں گے۔دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 21 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 7 ہزار 21 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 48 ہزار 184 ہوگئی۔گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 708 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 7 ہزار 831، سندھ میں ایک لاکھ 51 ہزار 352، خیبر پختونخوا میں 41 ہزار 69، بلوچستان میں 16 ہزار 195،

گلگت بلتستان میں 4 ہزار 394، اسلام آباد میں 22 ہزار 432 جبکہ آزاد کشمیر میں 4 ہزار 911 کیسز رپورٹ ہوئے۔ملک بھر میں اب تک 47 لاکھ 73 ہزار 496 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 31 ہزار 989 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 3 لاکھ 20 ہزار 65 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ایک ہزار 109 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 21 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 7 ہزار 21 ہوگئی۔ پنجاب میں 2 ہزار 429، سندھ میں 2 ہزار 690، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 294، اسلام آباد میں 247، بلوچستان میں 154، گلگت بلتستان میں 93 اور آزاد کشمیر میں 114 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button