ڈونلڈ ٹرمپ کا امریکی صدارتی انتخابات کے نتائج قبول کرنے سے انکار، اپنی جیت کا اعلان کردیا

واشنگٹن (نیوز ڈیسک) ڈونلڈ ٹرمپ کا امریکی صدارتی انتخابات کے نتائج قبول کرنے سے انکار۔ تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے امریکی صدارتی انتخابات کے نتائج قبول کرنے سے انکار کر دیا گیا۔ امریکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر نے جوبائیڈن کی فتح کے اعلان کو مسترد کر دیا ہے۔ جبکہ کچھ دیر قبل ٹرمپ کی جانب سے کی گئی ٹوئٹ میں الٹا بڑے مارجن سے فتح حاصل کرنے کا دعویٰ کر دیا گیا۔امریکا کے صدارتی انتخاب میں ڈیموکریٹک امیدوار جو بائیڈن نے ڈونلڈ ٹرمپ کے مقابلے میں ناقابل شکست برتری حاصل کرلی ہے اور اب وہ امریکا کے 46 ویں صدر ہوں گے۔

ریاست پنسلوانیا اور نیواڈا کے نتائج آنے کے بعد ڈیموکریٹک امیدوار 77 سالہ جوبائیڈن نے مطلوبہ 270 الیکٹورل ووٹس سے زیادہ ووٹ حاصل کرلیے جس کے بعد ٹرمپ عہدہ صدارت کی دوڑ سے باہر ہوگئے ہیں۔امریکی خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ریاست پنسلوانیا اور نیواڈا میں ڈیموکریٹک امیدوار جوبائیڈن نے ری پبلکن پارٹی کے ڈونلڈ ٹرمپ کو شکست دے کر بالترتیب 20 اور 6 الیکٹورل ووٹس اپنے نام کیے جس کے ساتھ ہی انہوں نے صدر بننے کیلئے مطلوبہ 270 الیکٹورل ووٹس کا ہندسہ عبور کرلیا۔پنسلوانیا اور نیواڈا کا نتیجہ آنے کے بعد جو بائیڈن کے حاصل کردہ الیکٹورل ووٹس کی تعداد 290 ہوگئی ہے جبکہ ٹرمپ نے 214 ووٹ حاصل کیے ہیں۔مزید 4 ریاستوں میں گنتی جاری ہے جہاں ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد بائیڈن کی فتح کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا، دیگر ریاستوں میں ٹرمپ کی جیت کے باوجود بائیڈن کی برتری پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔پنسلوانیا کا نتیجہ آنے سے کچھ دیر قبل ہی ٹرمپ نے ٹوئٹ میں اپنی جیت کا اعلان کیا تھا۔جوبائیڈن 20 جنوبی 2021 سے عہدہ صدارت پر براجمان ہوجائیں گے۔ ڈونلڈ ٹرمپ 1992 میں جارج بش سینیئر کے بعد سے پہلے صدر ہیں جو دوبارہ منتخب نہیں ہوسکے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button