لائن آف کنٹرول کے بعد پاک افغان بارڈر پر سرحد پار سے فورسز کی چوکی پر حملہ

راولپنڈی (نیوز ڈیسک) پاک افغان بارڈر پر سرحد پار سے فورسز کی چوکی پر دہشتگردوں نے فائرنگ کردی، فائرنگ سے ایف سی کا اہلکار شہید اور 2 جوان زخمی ہوگئے، دہشتگردوں نے فائرنگ منزکئی سیکٹر ژوب بلوچستان میں کی ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک افغان بارڈر پر سرحد پار سے دہشتگردوں نے پاکستانی فورسز کی چیک پوسٹ پر فائرنگ کی ہے۔سرحد پار سے فائرنگ منزکئی سیکٹرژوب بلوچستان میں کی گئی۔دہشتگردوں کی فائرنگ سے ایک ایف سی کا 22 سالہ نائیک فخر عباس شہیدہوگیا ہے۔ جبکہ فائرنگ سے دو جوان زخمی بھی ہوگئے ہیں۔

یاد رہے پاکستان کی طرف سے افغان بارڈر مینجمنٹ کا معاملہ مسلسل افغان قیادت سے اٹھایا گیا ہے۔ لیکن ا س کے باوجود افغان قیادت کی طرف سے مئوثر بارڈر مینجمنٹ کے حوالے سے کوئی اقدام نہیں کیا گیا۔دوسری جانب پاکستان کی جانب سے پاک افغان سرحد پر دہشتگردوں کی آمدورفت روکنے اور غیرقانونی اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے آہنی باڑ لگائی گئی ہے۔ جس کے باعث پاکستان کے افغان بارڈر پر جہاں باڑ کا کام مکمل ہوچکا ہے۔ ان متعدد علاقوں میں دہشتگردوں کی آمدورفت، غیرقانونی اسمگلنگ اور اسلحے کی روک تھام میں مدد ملی ہے۔ بارڈر پار دہشتگردی کے حوالے سے یہ علاقے محفوظ ہیں، جبکہ ان علاقوں میں آپریشن ردالفساد کے تحت دہشتگردوں اور بارودی سرنگوں کو ڈس کنیکٹ کرنے کیلئے سکیورٹی فورسز کا سرچ آپریشن ابھی بھی جاری رہتا ہے۔لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھی ایک مرتبہ پھر بھارتی فوج نے بلااشتعال فائرنگ کی ہے جس کی وجہ سے ایک شہری زخمی ہو گیا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر کی جانے والی فائرنگ بگسر سیکٹر میں کی گئی اور شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا ہے۔بھارتی فوج کی جانب سے کی جانے والی بلااشتعال فائرنگ سے 45 سالہ شہری زخمی ہو گیا ہے جسے قریبی طبی مرکزمنتقل کر دیا گیا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے شہری آبادی کو نشانہ بنانے والی بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا ہے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button