عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد فیاض الحسن چوہان کا پہلا بیان سامنے آگیا

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان نےوزارت اطلاعات کا قلمدان واپس لیے جانے پر رد عمل کااظہار کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرجاری پیغام میں فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ جو ہوتا ہےاچھے کے لیے ہوتا ہے، یہ ہم سب کا اللہ پر ایمان ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت کی واپسی پر سب سے زیادہ خوشی انڈین را، مکس اچار پارٹی اور مسلم لیگ ن کو ہوئی ہے ۔ خاطر جمع رکھیں، وزیراعظم عمران خان کا سپاہی ہوں اور مسلم لیگ ن کی کرپشن اور لوٹ مار پر آواز اُٹھاتا رہوں گا، پاکستان زندہ باد۔خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیر اطلاعات پنجاب فیاض

الحسن چوہان کو عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا ، جبکہ فردوس عاشق اعوان کو وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات تعینات کر دیا گیا۔ اس حوالے سے پنجاب حکومت کی جانب سے صوبائی کابینہ میں رد وبدل کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا جس کے مطابق فیاض الحسن چوہان سے اطلاعت کا محکمہ واپس لے لیا گیا ہے اور اب وہ صرف وزارت کالونیز کی ذمہ داریاں ہی سر انجام دیں گے ۔ دوسری جانب فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے پنجاب حکومت کی ترجمانی کی اہم ذمہ داری سونپی ہے، عثمان بزدار نے وسائل کا رخ پسماندہ علاقوں کی طرف موڑ دیا ہے۔معاون خصوصی برائے اطلاعات پنجاب فردوس عاشق اعوان نے اپنے بیان میں کہا وزیراعظم اور وزیراعلی کی توقعات پر پورا اترنے کی پوری کوشش کروں گی، حکومتی کارکردگی نمایاں کرنے کے لئے میڈیا سے دیرینہ تعلقات میرے لئے معاون ہوں گے۔ انہوں نے کہا پنجاب حکومت نے گذشتہ دو سال میں انقلابی اقدامات کئے ہیں انہیں اجاگر کریں گے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button