ترکی زلزلہ، 48گھنٹے بعد معجزہ ہوگیا

انقرہ(نیوز ڈیسک) ترکی میں 7.0 شدت کے خطرناک زلزلے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 51 ہوگئی ہے تاہم آج ملبے سے 70 سالہ شخص کو زندہ نکالا گیا ہے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ترکی کے ساحلی شہر ازمیر میں ہلاکت خیز زلزلے سے 20 عمارتیں منہدم ہوگئی تھیں جن کے ملبے سے 51 لاشیں نکالی جاچکی ہیں جب کہ 890 زخمی ہوئے جن میں 682 کو طبی امداد کے بعد گھر جانے کی اجازت دیدی گئی۔آج زلزلے کے 48 گھنٹوں بعد عمارتوں کے ملبے سے 70 سالہ شخص کو زندہ نکالا گیا،

انہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔اس معجزے پر جہاں بزرگ شہری کے اہل خانہ خوش تھے وہیں ریسکیو ادارے کے اہلکاروں کے جذبوں کو بھی تقویت ملی۔ اب بھی درجنوں افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔واضح رہے کہ ترکی کے ساحلی شہر ازمیر اور یونان کے جزیرے ساموس میں 7.0 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، زلزلے سے زیادہ تباہی ازمیر میں ہوئی جب کہ یونان میں صرف دو افراد ہلاک اور 60 سے زائد معمولی زخمی ہوئے تھے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button