پشاور، بی آر ٹی بس گدھا گاڑی سے ٹکرا گئی

پشاور (نیوز ڈیسک) خیبر پختونخوا کے شہر پشاور میں بی آر ٹی بس گدھا گاڑی سے ٹکرا گئی۔ یہ واقعہ حیات آباد فیڈر روڈ پر پیش آیا۔ٹرانسپورٹ پشاور کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گدھا گاڑی اچانک بی آر ٹی بس کے سامنے آ گئی تھی جس کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا تاہم بس عملہ اور مسافر محفوظ رہے ہیں۔یہاں پر واضح ہو کہ جب سے بی آر ٹی بس کا افتتاح ہوا ہے تب سے یہ کسی نہ کسی مسئلے کا شکار رہی ہے۔کبھی بس خراب ہو جاتی ہے تو کبھی بس میں آگ بھڑک اٹھتی ہے چند روز قبل بھی بی آر ٹی کی بس میں آتشزدگی کا واقعہ حیات آباد کر علاقے میں پیش آیا تھا جہاں بس میں اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی۔

ریسکیو ذرائع نے بتایا تھا کہ ریسکیو 1122کی طرف سے کی گئی فوری کارروائی کے نتیجے میں آگ پر فوری قابو پا لیا گیا تاہم آتشزدگی کے واقعے میں کسی بھی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ۔قبل ازیں بی آر ٹی بس سروس 38 روز آرام کے بعد بحال ہونے کے اگلے ہی دن خراب ہو گئی۔ بی آر ٹی بس حیات آباد کے قریب خراب ہوئی تاہم جلد ہی اسے ٹھیک کر لیا گیا۔ترجمان بی آر ٹی کا کہنا تھا کہ بس میں کلچ کا معمولی مسئلہ آیا تھا جس کی وجہ سے بس چلنا بند ہو گئی تاہم بس میں تکنیکی خرابی کو فوری طور پر دور کر لیا گیا۔ترجمان کا کہنا تھا کہ ایسے واقعات گاڑیوں میں ہونا معمول ہے یہ کوئی تشویش کی بات نہیں ہے۔ترجمان بی آر ٹی محمد عمیر خان کا کہنا تھا کہ بی آر ٹی بس سروس بحالی کے بعد اب صبح 6 سے رات 10 بجے تک چلے گی جبکہ مرکزی راہداری پر ایکسپریس روٹ بھی فعال کر دیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ایکسپریس روٹ چمکنی سے کارخانوں تک جائے گا۔ اس کے علاوہ خیبر بازار سے مال آف حیات آباد تک خصوصی روٹ چلایا جائے گا۔ بس ہر اسٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر 2 پر رکے گی۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button