وزیراعظم عمران خان کا اسلام فوبیا سے متعلق بیان ، ترکی کی جانب سے پاکستان کیلئے خاص پیغام

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ترک اور افغان ہم منصب ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔ترکی کے وزیرخارجہ میولوت چاوش اولو کے ساتھ ٹیلی فونک رابطے میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔شاہ محمود قریشی نے ترک ہم منصب کوترکی کے97ویں ری پبلک دن کی مبارک باد دی ہے۔ ترک وزیرخارجہ میولوت چاوش اولو نے پشاور دھماکے پر اظہار افسوس کیا ہے۔ترک وزیرخارجہ نے اسلام فوبیا کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کے بیان کو سراہا۔ شاہ محمود قریشی نے بھی اسلام فوبیا کے بڑھتے رجحان سے متعلق ترک صدر کے موقف کی تائید ہے۔

شاہ محمود نے ایف اے ٹی ایف سےمتعلق پاکستان کے لیے ترکی کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔قبل ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے افغان وزیر خارجہ محمد حنیف آتمر سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں افغان امن عمل، خطے میں سلامتی کی صورتحال اور باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا پاکستان اور افغانستان کے مابین تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں، پاکستان، خوشحال، پر امن اور مستحکم افغانستان کا خواہاں ہے، خطے میں استحکام افغانستان میں قیام امن کے ساتھ وابستہ ہے، افغان شہریوں کی سہولت کیلئے پاکستان نے نئی ویزا پالیسی کا اجراء کیا ہے۔وزیر خارجہ نے پاکستان میں افغان ویلوسی جرگہ کے اراکین کی ملاقات سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا بین الافغان مذاکرات کی صورت میں افغان قیادت کے پاس امن کا بہترین موقع ہے، افغانستان میں امن کیلئے بین الافغان مذاکرات کا نتیجہ خیز ہونا ضروری ہے، پاکستان، افغانستان اور خطے میں امن کیلئے مخلصانہ کاوشیں جاری رکھے گا۔پاکستان اور افغانستان کے وزرائے خارجہ نے افغان امن عمل اور خطے میں استحکام کیلئے مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button