پاکستان میں کورونا کی دوسری شدید لہر شروع ہوگئی

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کورونا کی دوسری لہر بتدریج شروع ہوچکی ہے۔معاون خصوصی صحت فیصل سلطان نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ کورونا سے اموات میں بھی اضافہ ہورہاہے جبکہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح ڈھائی سے پونے تین فیصد تک پہنچ چکی ہے۔ڈاکٹر فیصل سلطان کے مطابق کورونا وبا کی دوسری لہر کی وجہ سے پابندیوں کو سخت کرنا ناگزیر ہوتا جارہا ہے، کاروباری سرگرمیوں اور تقریبات کے اوقات کار میں کمی کے لیے مشاورت جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ اگلے ایک دو

روز میں واضح سفارشات سامنے آجائیں گی، کل تمام صوبوں سے مشاورت کے بعد سفارشات سامنے لائیں گے۔فیصل سلطان نے کہا کہ وبا کے پھیلاؤ کو روکنےکیلئے جیسی احتیاط ضروری ہے وہ نہیں کی جارہی، پابندیوں میں سختی کرنا ناگزیر نظر آرہا ہے، ایس او پیز کی خلاف ورزی پر اضافی سختی کی جائے گی۔معاون خصوصی برائے صحت نے مزید کہا کہ مقامی سطح پرپابندیوں کی خلاف ورزی پرجرمانے بھی ہوں گے، پابندیاں اور سختیاں حکومت نہیں کرنا چاہتی لیکن اگر ہم ایس او پیز پر عمل اور احتیاط کریں گے تب ہی وباکی دوسری لہر کو ختم کرسکیں گے۔خیال رہے کہ پاکستان میں مجموعی طور پر اب تک ملک میں 3 لاکھ 29 ہزار 710 افراد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جس میں سے 3 لاکھ 11 ہزار 440 صحت یاب جبکہ 6 ہزار 750 انتقال کر چکے ہیں۔پاکستان میں آج 27 اکتوبر کو مزید 830 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ 10 مریضوں کا انتقال ہوا اور 365 مریض صحت یاب ہوگئے جس کے بعد فعال کیسز کی تعداد 11 ہزار 520 ہے۔یاد رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے ابتدائی 2 کیسز 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوئے تھے جس کے بعد سے حالات خراب ہوتے گئے تاہم جولائی میں بہتری شروع ہوئی اور اب ایک مرتبہ پھر کیسز میں اضافہ ہوا ہے جس کے باعث دوسری لہر کے خطرات منڈلا رہے ہیں۔اس عرصے کے دوران سب سے زیادہ تشویش ناک حالات جون مہینے میں دیکھنے میں آئے، اس ماہ کے دوران یومیہ رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 6 ہزار اور اموات 100 سے زائد تک جا پہنچی تھیں۔بعد ازاں جولائی میں حالات بہتری کی جانب گامزن ہوئے اور کیسز بتدریج کم ہونا شروع ہوئے اور پھر اگست میں مزید بہتری آئی۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button